اسرائیلی حکام کو گرفتار کرنے کی دھمکی شرمناک ہے، نیتن یاہو

اسرائیل فتح حاصل کرنے تک اپنی جنگ جاری رکھے گا، ہم اپنے دفاع سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے،بیان

ہفتہ 27 اپریل 2024 13:43

اسرائیلی حکام کو گرفتار کرنے کی دھمکی شرمناک ہے، نیتن یاہو
تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) اسرائیل کے رہنمائوں کے خلاف بین الاقوامی گرفتاری وارنٹ جاری کیے جانے کے اسرائیلی خدشات کے تناظر میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں اور اہلکاروں کو گرفتار کرنے کی دھمکی شرمناک ہے اور ہم اس کے آگے سر تسلیم خم نہیں کریں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیتن یاھو نے پلیٹ فارم ایکس پر مزید کہا میری قیادت میں اسرائیل کبھی بھی بین الاقوامی فوجداری عدالت کی طرف سے اپنے دفاع کے موروثی حق کو مجروح کرنے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطی کی واحد جمہوری ریاست اور پوری دنیا کی واحد یہودی ریاست کے فوجیوں اور اہلکاروں کو گرفتار کرنے کی دھمکی شرمناک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیل فتح حاصل کرنے تک اپنی جنگ جاری رکھے گا، ہم اپنے دفاع سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا اگرچہ آئی سی سی اسرائیل کے اقدامات پر اثرانداز نہیں ہوگی لیکن اس کے فوجیوں اور اہلکاروں کو دھمکیوں دینے سے دہشت گردی سے لڑنے والی تمام جمہوریتوں کے لیے ایک خطرناک مثال قائم ہوگی۔اسرائیلی میڈیا نے ایک باخبر ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ بین الاقوامی فوجداری پراسیکیوٹر کریم خان وائٹ ہاس کی جانب سے گرین لائٹ کے بغیر اسرائیلی حکام کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری نہیں کرتے۔