پنجاب پولیس کی خاتون پولیس افسرایس ایس پی رفعت بخاری عالمی ایوارڈ کیلئے منتخب

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس کی جانب سے ایس ایس پی رفعت بخاری کی اعلیٰ کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے ’ایکسیلینس اِن پرفارمنس ایورڈ ‘ کیلئے منتخب کیا گیا ہے

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 27 اپریل 2024 15:33

پنجاب پولیس کی خاتون پولیس افسرایس ایس پی رفعت بخاری عالمی ایوارڈ کیلئے ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 اپریل2024 ء) پنجاب پولیس کی خاتون پولیس افسر رفعت بخاری کو عالمی ایوارڈ کیلئے منتخب کر لیا گیا، انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس کی جانب سے ایس ایس پی رفعت بخاری کی اعلیٰ کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے ’ایکسیلینس اِن پرفارمنس ایورڈ ‘ کیلئے منتخب کیا گیا ہے، رفعت بخاری کو خواتین کے تحفظ کیلئے نمایاں خدمات، آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے مجرمان کی گرفتاری، انٹیلی جنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اور روڈ سیفٹی میکنزم کی تیاری پر اس ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس کی صدر ڈیبرا فریڈل نے ایس ایس پی رفعت بخاری کو خصوصی خط لکھ کر عالمی ایوارڈ کیلئے منتخب کئے جانے پر مبارکباد اور خراجِ تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

خط میں ڈیبرا فریڈل نے کہا کہ آپ کا انتخاب عالمی سطح پر آپ کی خدمات کا اعتراف ہے۔ رفعت بخاری کو انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس کی 61 ویں سالانہ کانفرنس کے موقع پر شکاگو (امریکا)میں اس سال ستمبر میں ایوارڈ دیا جائے گا۔

ایس ایس پی رفعت بخاری ان دنوں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔یہ ایوارڈ ہر سال دنیا بھر سے ایک خاتون پولیس افسر کو اپنے معاشرے کیلئے غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس ایس پی رفعت بخاری کو مبارکباددی ۔ ان کاکہنا تھا کہ ایس ایس پی رفعت بخاری کی نمایاں کامیابی تمام پولیس افسران بالخصوص خواتین افسران کیلئے باعث فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی رفعت بخاری نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے ۔پاکستانی خواتین کسی بھی شعبے میں دنیا سے کم نہیں ہیں اور انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس کی جانب سے ایس ایس پی رفعت بخاری کو ایوارڈ کیلئے نامزد کرنا اس بات کا ثبوت ہے۔دریں اثناء ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے بھی ایس ایس پی رفعت بخاری کو مبارک باد دی ہے ۔