نوجوانوں کو انتہا پسندی سے بچانا ہو گا ، مذہب کی نفی کا فتنہ ایمان کو برباد کررہا ہے ، احمد اویس ایڈووکیٹ، مفتی بدرالزماں

ہفتہ 27 اپریل 2024 23:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) سینئر قانون دان وسابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے کہا ہے کہ مذہب کی نفی کا فتنہ نوجوانوں کے ایمان کو برباد کررہا ہے اور انہیں انتہا پسندی اور دہریت کے اندھیروں کی طرف دھکیل رہا ہے، اس فتنے کا مقابلہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بڑے جاندار اور شاندار طریقے سے کررہے ہیں۔ ہفتہ کے روز یہاں انہوں نے منہاج القرآن کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ذاتی طور پر تجویز کروں گا کہ نوجوان مذہب اور وجودِ باری تعالی کے حوالے سے فکری واضحیت حاصل کرنے کے لئے شیخ الاسلام کے شہرِ اعتکاف کے دوران کئے گئے خطابات کی سیریز کو ضرور سنیں۔

میں نے یہ خطابات خود سنے ہیں اور بڑا متاثر ہوا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ منہاج القرآن ہر قسم کی فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر دین اور علم کی خدمت کررہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مفتی بدرالزماں قادری پرنسپل جامعہ ہجویریہ داتا دربار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مذہب سے بیزار کرنے کے لئے سوشل میڈیا کامنفی استعمال زوروں پر ہے،اس حوالے سے خبردار رہنے کی ضرورت ہے۔

پاکستان کی 60 فیصد یوتھ اغیار کی آنکھوں میں کانٹا بنی ہوئی ہے، وہ یوتھ کے اس خزانے کو بے عمل بنا کر اسے غیر موثر کرنا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اس دور کی ایک معتبر علمی و تحقیقی شخصیت ہیں۔ انہوں نے دہریت کے فتنے کو بھانپتے ہوئے نوجوانوں کے کردار اور ایمان کی اصلاح کی ہے اور نوجوانوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ قرآن و سنت کے ساتھ اپنا مضبوط تعلق قائم کریں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے اس سال شہر اعتکاف کے دوران خدا کو کیوں مانیں؟اور مذہب کو کیوں اپنائیں کے موضوع پر کئے گئے خطابات سے فتنہ دہریت کی جڑیں کٹ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام فی زمانہ نوجوانوں کے ایمان، اخلاق اور کردار کی حفاظت کے لئے اپنا بہترین علم اور وقت بروئے کار لائیں۔ انہوں نے فتنہ دہریت کے رد میں مدلل خطابات کی سیریز دینے پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو مبارکباد دی۔