وزیرجنگلات خیبرپختونخواکی زیر صدارت حلقہ پی کے 6 پی ٹی آئی کابینہ کا اجلاس

اجلاس میں پارٹی امور سمیت حلقہ پی کے 6 کے مجموعی مسائل پر تبادلہ خیال اور تجاویز پیش کیں گئیں

اتوار 28 اپریل 2024 18:30

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے جنگلات، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و جنگلی حیات فضل حکیم خان یوسفزئی کی زیر صدارت حلقہ پی کے 6 پی ٹی آئی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سٹی مئیر تحصیل بابوزئی شاہد علی خان سمیت پی ٹی آئی کابینہ کے عہدیداروں نے شرکت کی، اجلاس میں پارٹی امور سمیت حلقہ پی کے 6 کے مجموعی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا اور اس سلسلے میں اپنی تجاویز پیش کیں گئیں۔

اجلاس میں تنظیمی امور بھی زیر غور آئے اور ضروری فیصلے کئے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کارکنان سچے، بہادر اور نڈر ورکرز ہے جنہوں نے کبھی عوام کا سر ظلم کے خلاف جھکنے نہیں دیا پی ٹی آئی ورکرز نے ملک کی سلامتی کیلئے سخت وقت میں عظیم قربانیاں دی جو تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج جو عزت مجھے مل رہی ہے وہ پی ٹی آئی ورکرز اور عوام ہی کی وجہ سے ہے لوگوں کے عزت و احترام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے عوام کے مسائل کا حل موجودہ صوبائی حکومت کی اہم ذمہ داری ہے ہم عوام کے سامنے جوابدہ ہے عوام کے حقوق کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا خصوصاً حلقہ پی کے 6 میں عوامی ریلیف پرفوکس ہے خیبرپختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ تیزی سے جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی کاموں پرخرچ ہونے والی رقوم عوام کی امانت ہیں اس لیے پی ٹی آئی ورکرز ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں تاکہ فنڈز کے شفاف استعمال اور عوامی خواہشات کے مطابق ترقیاتی کام مکمل ہو جائے۔