ڈپٹی کمشنرز کو کم وزن روٹی فروخت کرنے والے نانبائیوں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری

اتوار 28 اپریل 2024 19:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایات کی روشنی میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنرز کو کم وزن روٹی فروخت کرنے والے نانبائیوں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے۔

کمشنر پشاور ڈویژن کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق کمشنر پشاور ریاض خان محسود نے کہا ہے کہ روٹی کے نئے نرخنامے کے جاری ہونے کے بعد اکثر اضلاع میں کم وزن روٹی کی فروخت کی شکایات زبان زد عام ہیں جن کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو کم وزن روٹی فروخت کرنے والے نانبائیوں کی دکانیں سیل کرنے اور نانبائیوں کو زیادہ سے زیادہ عرصے کےلیے جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کم وزن اور زیادہ قیمت وصول کرنے والے نانبائیوں پر بھاری جرمانے عائد کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے۔ یہ احکامات انہوں نے ضلعی کارکردگی کے ماہانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے۔ ضلعی کارکردگی کے ماہانہ اجلاس میں پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں گرانفروشی کو کنٹرول کرنے،تجاوزات کے خاتمے،ریونیو مسائل حل کرنے سمیت دیگر امور پر کمشنر پشاور ڈویژن کو تفصیلی آگاہی دی جس کے تناظر میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے ضروری ہدایات جاری کیں اور اس سلسلے میں ہفتہ وار رپورٹ طلب کر لی۔