صوبائی وزیر قانون نے کوہاٹ میں 78 ملین روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا

اتوار 28 اپریل 2024 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے شہر یار آفریدی ایم این اے اور پی ٹی آئی درہ آدم خیل کے صدر عابد الرحمن آفریدی کے ہمراہ اپنے حلقہ نیابت پی کے۔ 90 میں تحصیل درہ آدم خیل کے علاقہ جواکی میں غلام بانڈہ تا شین ڈھنڈ اور ترکی اسماعیل خیل روڈز پر کام کا باقاعدہ افتتاح کیا جن پر 78 ملین روپے لاگت آئے گی۔

افتتاحی تقریبات میں تحصیل چیئرمین گمبٹ ساجد اقبال، پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں اشتیاق قریشی وسیم خان، سیف الرحمن، مقامی عمائدین اور عام لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔آفتاب عالم آفریدی نے متعلقہ حکام کو دونوں منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کا معیار کے مطابق نہیں ہوا تو اسے اکھاڑ کر نئے سرے سے تعمیر کرنا ہوگا۔

وزیر قانون نے سختی سے ہدایت کی کہ مذکورہ روڈز کی تعمیر میں نکاسی آب کا خصوصی خیال رکھا جائے اور نالیوں کی اونچائی روڈ کی سطح سے کم رکھی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی کام کسی پر احسان نہیں بلکہ یہ ان کی ذمہ داری اور عوام کا حق ہے اور انشاء اللہ ہر صورت عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا اور ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچایا جائے گا۔قبل ازیں وزیر قانون آفتاب عالم آفریدی اور شہریار آفریدی ایم این اے نے فیتہ کاٹ کر مذکورہ منصوبوں کا افتتاح کیا۔