پارلیمانی جماعتیں قائمہ کمیٹیوں کیلئے اپنے چیئرمینوں کے ناموں کو حتمی شکل دیں، ایاز صادق

پیر 29 اپریل 2024 23:13

پارلیمانی جماعتیں قائمہ کمیٹیوں کیلئے اپنے چیئرمینوں کے ناموں کو حتمی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمانی جماعتوں سے کہا ہے کہ وہ قائمہ کمیٹیوں کیلئے اپنے چیئرمینوں کے ناموں کو حتمی شکل دیں، اسمبلی سیکرٹریٹ انہیں کمیٹیوں کی تشکیل میں معاونت فراہم کرے گا۔ پیر کو قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے رکن سید نوید قمر نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ قائمہ کمیٹیاں 30 دن میں بن جانی چاہئیں تھیں تاہم ابھی تک نہیں بن سکیں۔

(جاری ہے)

روزانہ ایوان سے بل منظور کئے جا رہے ہیں تاہم قائمہ کمیٹیاں موجود نہیں ہیں، بزنس آگے بڑھانے کیلئے سلیکٹ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے دور کے آرڈیننس کا جائزہ لینا چاہئے۔ سپیکر نے کہا کہ ہم نے تمام سیاسی جماعتوں کا اجلاس منعقد کرایا ہم ہر ممکن سہولت دینے کیلئے تیار ہیں تاہم چیف وہپ آپس میں مشورہ کر کے فیصلہ کر لیں جسے کمیٹی کا چیئرمین نامزد کیا جائے اس کا نام دیا جائے۔