مسلم لیگ ن سندھ نے میاں نوازشریف کو پارٹی صدارت سنبھالنے کی درخواست کردی

منگل 30 اپریل 2024 21:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن کی صدارت میں تنظیمی اجلاس کا انعقاد، تنظیمی اجلاس میں صوبائی رہنما شاھ زمان شاھ، نصیر میمن، میر ھمایوں خان مغیری، خورشید میرانی، یاسر خان ببرو دیگر کی شرکت، حیدرآباد، لاڑکانہ، میرپورخاص، نوابشاھ اور سکھر ڈویژن کے صدور و جنرل سیکریٹریز سمیت دادو، لاڑکانہ، ٹھٹہ، جامشورو، مٹیاری اور سندھ کے 23 اضلاع کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کی بھی اجلاس میں آمد، اجلاس میں میاں نوازشریف کو پارٹی کی صدارت سنبھالنے کی قرارداد منظور، اجلاس سے خطاب کے دوران بشیر میمن نے کہا کہ سندھ کے پارٹی ورکرز کی خواہش ہے کہ پارٹی کی صدارت میاں نوازشریف کے پاس ہونی چاہیے ، سندھ کا ورکر وفاق اور پنجات حکومت کے ساتھ کھڑا ہے، پوری قوم جانتی ہے کہ نوازشریف پاکستان کی سا لمیت خودمختاری ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہیں،مسلم لیگ ن کی سیاست خدمت کی سیاست ہے ہم نے ماضی میں بھی عوام کی خدمت کی اور ہمیشہ اسی جذبے کیساتھ عوام کی خدمت کرتے رہیں گے، اس بحرانی کیفیت میں پاکستان کو دوبارہ ایک ایسے آزمودہ لیڈر کی ضرورت ہے جو پاکستان کو ٹریک پر لے کر آئے اور ملک کو مشکلات سے نکالے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن سندھ میں دن بدن مضبوط ہورہی ہے گیارہ مئی کو لاہور میں پارٹی کا مرکزی ورکرز اجلاس ہوگا جس میں سندھ سے کارکنان کا بہت بڑا قافلہ شریک ہوگا، سندھ میں پارٹی کی مضبوطی کے لیئے کام کررہے ہیں اور اپنے قائدین کا پیغام سندھ کے کونے کونے میں پھیلا رہے ہیں، مرکزی قیادت کا سندھ میں تنظیم سازی اور پارٹی کو مزید فعال کرنے کے لیئے سنجیدگی اور دلچسپی نے سندھ کے عہدیداران اور کارکنان میں نیا جوش و ولولہ پیدا کردیا ہے جس کے نہایت شاندار اور مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے، پارٹی کارکنان قیمتی سرمایہ ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ میں مسلم لیگ ن کی بڑہتی عوامی مقبولیت نے سیاسی مخالفین کو بوکھلاہٹ کا شکار کردیا ہے عوامی مسائل کے حل کے لیئے ن لیگ کی کارکردگی اور جدوجہد کو دیکھتے ہوئے سندھ بھر سے لاتعداد لوگ مسلم لیگ ن میں شمولیت کے خواہاں ہیں ،مسلم لیگ ن کو صوبہ سندھ کی سب سے بڑی جماعت بنائیں گے اور عوامی مسائل کو مستقبل بنیادوں پر ختم کریں گے۔