پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ،سلمان آغا کی سنچری ، اسٹیٹ بینک کی واپڈا کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی

منگل 30 اپریل 2024 22:44

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) سلمان علی آغا کی شاندار سنچری نے اسٹیٹ بینک کو پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں واپڈا کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی دلادی۔گزشتہ رات کی بارش کی وجہ سے شعیب اختر اسٹیڈیم میں ہونے والا یہ میچ تاخیر سے شروع ہوا اور اسے 23 اوورز تک محدود کرنا پڑا۔واپڈا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔

محمد اخلاق نے 66 گیندوں پر101 رنز ناٹ آؤٹ کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 13چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

(جاری ہے)

احمد شہزاد نی7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 59 رنز اسکور کیے۔اسٹیٹ بینک نے 22.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 56 گیندوں پر13 چوکوں اور 4چھکوں کی مدد سی101 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ انہوں نے رمیز عزیز کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 87 رنز کا اضافہ بھی کیا۔ رمیز نے 36 رنز اسکور کیے۔ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں غنی گلاس اور ہائر ایجوکیشن کا میچ منسوخ کردیا گیا۔تیسرے میچ میں جو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈے نائٹ ہے ایس این جی پی ایل کی ٹیم کے آر ایل کا سامنا کررہی ہے۔