مصر سے 115 ٹرک 1,840 ٹن امدادی سامان لے کرغزہ روانہ

بدھ 1 مئی 2024 18:14

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) لانگ لائیو مصر فنڈ نے پیرکی صبح پانچویں امدادی قافلے کو غزہ کی پٹی کے لیے روانہ کرنے کا اعلان کیا۔ "ہم انسانیت کے لییایک ہیں" کے عنوان کے تحت مصری اور فلسطینی عوام کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے یہ امدادی آپریشن سول سوسائٹی اور نجی امدادی اداروں کے تعاون سے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررسان ادارے کے مطابق یہ امدادی قافلہ صدر عبدالفتاح السیسی کی جانب سے غزہ کی پٹی کے لوگوں کے لیے مدد کا ہاتھ بڑھانے کی ہدایات پر عمل درآمد کا حصہ ہے۔دوسری جانب لانگ لائیو مصر فنڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر تامر عبدالفتاح نے کہا کہ قافلے میں 115 ٹرک شامل تھے جن میں 1,840 ٹن سے زیادہ سامان موجود ہے۔عبدالفتاح نے زور دے کر کہا کہ امدادی سامان میں کھانے پینے کے سامان کے علاوہ ہر عمر کے مردوں اور عورتوں کے لیے موزوں سامان، بستر، پہننے اور اوڑھنے کے کپڑے، طبی سامان، ادویات اور دیگر بنیادی ضرورت کا سامان شامل ہے۔