سرگودھا سے تعلق رکھنے والے عاصم نوید رانجھا برطانیہ کی کونسل سلاؤ کے ڈپٹی مئیر منتخب

عاصم رانجھا نے برطانیہ کے کم عمر ترین ڈپٹی مئیر پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا

بدھ 22 مئی 2024 18:07

سرگودھا سے تعلق رکھنے والے عاصم نوید رانجھا برطانیہ کی کونسل سلاؤ کے ..
سلاؤ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22مئی۔2024ء) سرگودھا سے تعلق رکھنے والے عاصم نوید رانجھا برطانیہ کی کونسل سلاؤ کے ڈپٹی مئیر منتخب ہو گئے۔اس کامیابی کے نتیجہ میں سرگودھا کے نواحی گاوں نصیر پور کلاں میں پیدا ہونے والے عاصم رانجھا نے بر طانیہ کے کم عمر ترین ڈپٹی مئیر پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ۔انہوں نے ابتدائی تعلیم سرگودھا سے حاصل کی اور بیچلرز کے بعد برطانیہ منتقل ہو گئے۔

سیاست میں دلچسپی اور لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کی قابلیت کی وجہ سے عاصم نوید ناصرف پاکستانی کمیونٹی بلکہ مقامی کمیونٹی میں بھی یکسر مقبول ہیں اسی وجہ کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کی پارٹی نے ان کو ڈپٹی مئیر کے لئے نامزد کیا عاصم نوید رانجھا کا قلیل وقت میں اس مقام کو حاصل کرنا بلاشبہ قابلِ ستائش ہے۔

(جاری ہے)

عاصم نوید رانجھا نے 16مئی کو اپنے مدمقابل لبرل پارٹی کے امیدوار کو 10 ووٹوں سے شکست دی اور 17 مئی کو ڈپٹئ مئیر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔


منتخب ہونے کے بعد عاصم رانجھا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اللہ رب العزت کا انتہائی مشکور ہوں جس نے مجھے اس اعزاز سے نوازہ ۔مزید ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے حلقہ میں پہلے سے زیادہ محنت اور لگن سے عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گیں۔اور خاص طور پر پاکستانی کمیونٹی کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

عاصم نوید رانجھا نے اپنی پارٹی کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے نوجوان کونسلر کو ڈپٹی مئیر شپ کے لئے نامزد کیا اور بھرپور سپورٹ سے کامیاب کروایا۔ عاصم نوید رانجھا پیشہ کے لحاظ سے وکیل ہیں۔اور تقریباً 14سال سے برطانیہ میں مقیم ہیں۔عاصم رانجھا نے 2023 میں برطانیہ کی لبرل ڈیموکریٹ پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور2024میں اپنے پہلے ہی الیکشن میں ایلیمن وارڈ سلاو سے کونسلر منتخب ہوئے۔

بعد ازاں پارٹی نے عاصم نوید کی پارٹی لبرل ڈیموکریٹ اور عوام کی مقبولیت اور بھرپور نمائندگی کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈپٹئ مئیر شپ کے لئے منتخب کیا۔یقیناً یہ پاکستان اور خاص طور پر سرگودھا کی عوام کے لئے باعث فخر خبر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھی مثال بھی ہے کہ بیرون ملک ہی سہی مگر پاکستانی نوجوان سیاست میں بھی کسی سے کم نہیں۔ پاکستان اور ہندوستان کے اور سیز کی برطانیہ میں سیاست میں بھرپور شمولیت اور کامیابی نہ صرف ان کی قابلیت کی عکاس ہے بلکہ آنے والے وقت میں برطانیہ کے ایوانوں میں بر صغیر کے مفاد کی بھرپور ترجمانی کا پیش خیمہ بھی ثابت ہوگی۔