پاکستان: صنفی عدم مساوات پر قابو پانے کا یونیسف کا چار سالہ منصوبہ
یو این بدھ 1 مئی 2024 16:15
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 01 مئی 2024ء) یونیسف پاکستان نے ملک میں 10 تا 19 سال عمر کی لاکھوں لڑکیوں کی زندگی میں پائیدار تبدیلی لانے اور انہیں ترقی سے ہمکنار کرنے کے لیے اپنی چار سالہ قومی صنفی حکمت عملی کا آغاز کر دیا ہے۔
اس حکمت عملی پر موثر انداز میں عملدرآمد کے نتیجے میں شہری و دیہی علاقوں میں صنفی عدم مساوات پر قابو پانے اور جسمانی معذوری کی حامل سمیت تمام لڑکیوں اور خواتین کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
پاکستان
میں نوعمر لڑکیوں کو تعلیم، صحت، غذائیت اور بہبود کے حوالے سے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔(جاری ہے)
یہ حکمت عملی 2027 تک کے لیے تیار کی گئی ہے اور اس پر فوری عملدرآمد ہو گا۔ نوعمر لڑکیوں کے قائدانہ کردار اور بہبود کے لیے یونیسف کے عزم کا اعادہ کرتی ہے اور اس کے تحت مقررہ وقت میں نتائج کے حصول کا ہدف رکھا گیا ہے۔
تعلیم اور کام کے مواقع
حکمت عملی کے اجرا پر پاکستان میں یونیسف کی نائب نمائندہ انوسا کابورے نے کہا ہے کہ ملک میں لاکھوں بچوں کو روزمرہ زندگی میں تباہ کن مسائل کا سامنا ہے اور ان بچوں میں بڑی تعداد لڑکیوں کی ہے۔
عام طور پر انہیں طبی نگہداشت جیسی بنیادی سماجی خدمات بھی میسر نہیں ہوتیں۔ نوعمری کی شادی، غربت اور سماجی رسوم و رواج کے باعث انہیں سکول چھوڑنا پڑتا ہے۔اگر تمام لڑکیوں اور خواتین کو تعلیم اور کام کے مواقع ملیں تو وہ ملکی معیشت میں اپنا حصہ ڈال کر ملک کو خوشحال بنانے میں مدد دے سکتی ہیں۔ اگر کسی ملک کی نصف آبادی پس ماندہ رہ جائے تو وہ ترقی نہیں کر سکتا۔
ان کا کہنا ہے کہ یونیسف حکومت، سول سوسائٹی کے اداروں، مقامی لوگوں، لڑکیوں اور خواتین، مردوں اور لڑکوں کے تعاون سے اس اہم مسئلے پر قومی مکالمے میں تبدیلی لانے کا متمنی ہے۔
لڑکیوں کا فائدہ سب کا فائدہ
خواتین کی صورتحال پر قومی کمیشن کی چیئرپرسن نیلوفر بختیار نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے تمام لوگوں بالخصوص لڑکیوں کے لیے یکساں مواقع کی دستیابی یقینی بنانا بہت ضروری ہے۔ لڑکیوں پر سرمایہ کاری سے معاشرے کی تمام اصناف اور طبقات کو فائدہ ہوتا ہے۔ اس سے آمدنی بڑھتی ہے، پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے اور ان فوائد سے پورا ملک استفادہ کرتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جب لڑکیوں کو قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے حوصلہ افزائی اور مدد ملتی ہے تو وہ اپنی پوری صلاحیتوں سے کام لے سکتی ہیں اور ان کے لیے روشن مستقبل کے راستے کھل جاتے ہیں۔
حکمت عملی کے اہم نکات
یونیسف کی شروع کردہ حکمت عملی کے تحت لڑکیوں کے قائدانہ کردار، ان کی آواز اور اختیار میں اضافے کے لیے کام کیا جائے گا۔
اس کا مقصد لڑکیوں کو تبدیلی لانے کی طاقت دینا ہے۔ یہ حکمت عملی انہیں زندگی کے ہر پہلو میں قیادت کے لیے درکار صلاحیتوں اور اعتماد کی فراہمی میں مددگار ہو گی۔لڑکیوں کے ساتھ روا رکھے گئے نقصان دہ طرزعمل اور رویوں پر قابو پایا جائے گا۔ اس حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی بدولت ایسے رویوں اور طرزہائے عمل میں تبدیلی لائے جائے گی جو صنفی عدم مساوات کو دوام دیتے ہیں۔
صنفی حوالے سے موجودہ سماجی تصورات میں تبدیلی لانے کے لیے یونیسف بااثر رہنماؤں، مذہبی شخصیات، لڑکوں اور مردوں کے ساتھ کام کرے گا۔ اس ضمن میں ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم سے بھی مثبت پیغامات کو اجاگر کیا جائے گا۔صنفی مساوات کے پروگراموں کو مضبوط بنایا اور بڑھایا جائے گا تاکہ نوعمر لڑکیاں خاص طور پر تعلیم، صحت، غذائیت اور سماجی تحفظ کے حوالے سے معیاری خدمات حاصل کر سکیں۔
اس ضمن میں لڑکیوں کے حوالے سے جوابدہی اور انہیں تحفظ دینے کے اقدامات سے بھی مدد لی جائے گی۔اس حکمت عملی کی بدولت صنفی اعدادوشمار، بنیادی ڈھانچے اور بچوں کو تحفظ دینے کے اقدامات میں قومی اور صوبائی سطح پر پائی جانے والی رکاوٹوں اور خامیوں کو دور کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
متعلقہ عنوان :
مزید اہم خبریں
-
'ایئر ٹربولینس' کیا ہے اور کیوں عام ہوتا جا رہا ہے؟
-
رؤف حسن پر حملہ کرنے والی وہی قوتیں ہیں جو ججوں کو دھمکاتی ہیں، عمران خان
-
فرانس اور جرمنی کی انتہائی دائیں بازو کی جماعتیں ایک دوسرے سے جدا
-
خیبر پختونخواہ حکومت کا وفاق سے پہلے 24مئی کو بجٹ پیش کرنے کا اعلان
-
بجلی کے ٹیرف میں 8 روپے فی یونٹ تک کمی کا فارمولا پیش
-
جرمن مصنفہ جینی ایرپن بیک کی کتاب کیروس کے لیے عالمی بکر پرائز
-
امریکہ نے بنگلہ دیش کے سابق آرمی چیف پر پابندیاں عائد کر دیں
-
افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ
-
کرغزستان میں حالات معمول پر آگئے، فسادات کے ذمہ داروں کو گرفتار کرلیا گیا، اسحاق ڈار
-
اقوام متحدہ ، جنوبی سوڈان امن مشن میں خدمات انجام دینے والے پاکستانیوں کے اعزاز میں تقریب
-
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی و دیگر کی نماز جنازہ ادا
-
ہتک عزت قانون کا بل پنجاب اسمبلی واپس بھیجنے کیلئے گورنر کو مراسلہ ارسال
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2024, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.