کرغزستان میں حالات معمول پر آگئے، فسادات کے ذمہ داروں کو گرفتار کرلیا گیا، اسحاق ڈار

ہنگامہ آرائی میں زخمی ہونے والے تین میں سے دو پاکستانی طلبہ کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا جا چکا ہے، کرغزستان کے وزیر خارجہ نے یقین دلایا کہ فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔ وزیر خارجہ کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی بدھ 22 مئی 2024 11:39

کرغزستان میں حالات معمول پر آگئے، فسادات کے ذمہ داروں کو گرفتار کرلیا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی 2024ء ) نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کرغزستان میں حالات معمول پر آگئے ہیں اور فسادات کے ذمہ داروں کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل میں شرکت کے بعد آستانہ سے بشکیک پہنچا جہاں کرغز انتظامیہ نے فسادات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، بشکیک میں حالات مکمل طور پر معمول پر آگئے ہیں، یہ ایک غیر متوقع تصادم ہوا تھا جس میں صرف پاکستان کے طلبہ پر حملہ نہیں کیا گیا بلکہ کئی ممالک کے طلبہ زخمی ہوئے۔

اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ کرغزستان کے ڈپٹی وزیراعظم کے ہمراہ ہسپتال کا دورہ کیا، بشکیک کے ہسپتال میں زیر علاج پاکستانیوں کی عیادت کیلئے گیا، ہسپتال پہنچے تو پتا چلا اب صرف ایک پاکستانی زیر علاج ہے، کرغزستان میں زخمی ہونے والے تین میں سے دو پاکستانی طلبہ کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا جا چکا ہے، کرغزستان کے وزیر خارجہ سے پاکستانی طالب علموں کے حوالے سے بات ہوئی، کرغزستان کے وزیرخارجہ نے کہا ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں گے، انہوں نے یقین دلایا کہ فکر کی کوئی بات نہیں ہے، کرغزستان کے صدر نے بشکیک فسادات پر سخت نوٹس لیا، فسادات کے ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں گرفتار بھی کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرغزستان میڈیکل ایجوکیشن حاصل کرنے والے طلباء کے تعلیم پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں، ایسے تعلیم حاصل کرنے کے لیے لوگ جاتے کیوں ہیں، بچوں کو سوچ سمجھ کر پڑھنے کے لیے دوسرے مُلکوں میں جانا چاہیئے، کرغزستان سے واپس آنے والے طلبہ کی تعلیم سے متعلق امورپر زیر غور ہیں، اس کے علاوہ سفیر نے بتایا 1100 ہمارے ورکرز ایجنٹ کے ذریعے کرغزستان پہنچے، ہم نے کرغزستان حکومت سے گزارش کی کہ ان کو گوں کو ڈیپورٹ نہ کریں، کرغزستان حکام سے گزارش کی ہے کہ غیر قانونی مقیم لوگوں کو ویزہ دے دیں۔