سیمنٹ کی بوریوں پر تاریخ اجراء اور ایکسپائری لکھنے کا فیصلہ

مسابقتی کمیشن اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی تجویز پر متفق

بدھ 1 مئی 2024 18:42

سیمنٹ کی بوریوں پر تاریخ اجراء اور ایکسپائری لکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2024ء) سیمنٹ کی بوریوں پر تاریخ اجراء اور ایکسپائری لکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔مسابقتی کمیشن اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی تجویز پر متفق ہو گئے۔مسابقتی کمیشن اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں اتفاق طے پایا ہے کہ سی سی پی کی جانب سے سیمنٹ مینوفیکچررز کے لیے سیمنٹ بیگ کی پیکنگ پر ''مینوفیکچرنگ/ایکسپائری تاریخوں'' کو لازمی ظاہرکرنے کی تجویز کوپاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی تکنیکی کمیٹی کوغور و خوض کے لیے بھیجا جائگا۔

اس بات کا فیصلہ سی سی پی اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی ایک میٹنگ میں ہوا۔ سی سی پی کے وفد کی سربراہی ممبر او ایف ٹی سعید احمد نواز نے کی۔ جبکہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے ایڈیشنل سیکرٹری و سیکریٹری انچارج علی طاہر شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اس فالو اپ میٹنگ کا مقصد پاکستان اسٹینڈرڈاسپیسیفکیشن میں سیمنٹ کے لیے، 'مینوفیکچرنگ/پیکجنگ اور ایکسپائری/بہترین' تاریخوں کو لازمی بنانے کی ترمیم کی تجویز پر تبادلہ کرنا تھا۔

یہ تجویز 7 مارچ 2024 کو سی سی پی کے جاری کردہ پالیسی نوٹ کے ذریعے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کو بھیجی گئی تھی۔میٹنگ کے دوران، ممبر سی سی پی نے سیمنٹ کی ہائگروسکوپک نوعیت کی وجہ سے ان انکشافات کی اہمیت پر زور دیا، کیونکہ عدم انکشاف کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ انہوں نے موجودہ طرز عمل پر روشنی ڈالی جہاں مینوفیکچررز برآمد کے لیے انفرادی طور پر تھیلوں پر اورجتماعی طور پر گانٹھوں پر مینوفیکچرنگ/پیکیجنگ اور ایکسپائری/بہترین تاریخوں کو ظاہر کرتے ہیں۔

لیکن مقامی مصنوعات کے لیے وہ یہ طریقہ نہیں اپناتے۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ایک باہمی تعاون پر مبنی کنٹرول میکانزم کی ضرورت پر زور دیا۔وزارت نے کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے سیکشن 10 کے تحت صارفین کے مفادات کے لازمی تحفظ کے لئے سی سی پی کو مکمل مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس معاملے کو پاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی ٹیکنیکل کمیٹی کے اجلاس میں غور و خوض کے لیے بھیجا جائے گا، جو 7 مئی 2024 کو شیڈول ہے۔

اجلاس کے شرکائ نے ممبر سی سی پی کی جانب سے اسٹیک ہولڈرز بشمول سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ساتھ ایک میٹنگ بلانے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا تاکہ اس مسئلے پر پر تبادلہ خیال کیا جا سکے اور انہیں ممکنہ انفورسمنٹ اقدامات سے آگاہ کیا جا سکے۔۔ اجلاس میں سی سی پی، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور پی ایس قیوسی اے کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔… اعجاز خان

متعلقہ عنوان :