پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر بھیجنے کی تیاریاں مکمل

پاکستان چین کے قمری مشن چانگ ای سکس کا حصہ بن گیا

بدھ 1 مئی 2024 21:05

پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر بھیجنے کی تیاریاں مکمل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) خلائی تحقیق کے میدان میں پاکستان نے اہم سنگ میل طے کرلیا، پاکستان چین کے قمری مشن چانگ ای سکس کا حصہ بن گیانیا مصنوعی سیارہ تیار کر لیا گیا ہے، مصنوعی سیارے کا وزن سات کلو گرام ہو گا جس میں دو آپٹیکل کیمرے نصب ہوں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر بھیجنے کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، یہ مشن تین مئی کو روانہ کیا جائے گا اس حوالے سے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی کور کمیٹی کے رکن ڈاکٹر خرم خورشید نے بتایا کہ تین مئی کو 12 بجکر 50 منٹ پر پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر بھیجا جائیگا۔

مشن چین کے ہینان اسپیس لانچ سائٹ سے خلا میں بھیجا جائے گا، سیٹلائٹ آئی کیوب قمرکی لانچ کو ویب سائٹ سے لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔انھوں نے بتایا کہ آئی کیوب قمر کا ڈیزائن اور ڈویلپمنٹ چائنا اور سپارکو کے اشتراک سے تیارکیا گیا، چاند کی تصاویر بنانے کیلئے آئی کیوب قمر میں دو کیمرے نصب ہیں۔پاکستان کا سیٹلائٹ مشن چاند کے مدارکے چکر کاٹے گا اور مشن سے لی جانے والی تصاویر تحقیقی مقاصد میں کام آئیں گی، چین کا سیٹلائٹ مشن چاند پر لینڈ کرے گا اور یہ مشن چاند کی مٹی جمع کرے گا۔