چیئرمین لیاقت آباد ٹاون فراز حسیب کی زیر صدارت واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے افسران کا اجلاس

بدھ 1 مئی 2024 21:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2024ء) چیئرمین لیاقت آباد ٹاون فراز حسیب کی زیر صدارت لیاقت آباد ٹاون اور واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے افسران کا اجلاس، لیاقت آباد ٹاون میں سیوریج کی ناقص صورتحال اور پینے کے پانی کی قلّت کے اسباب اور عوام کی پریشانی دور کرنے کے لئے مختلف امور پر گفتگوہوئی، اس موقع پر فراز حسیب نے واٹر بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ موسمِ گرما کو پانی کی قلت کی وجہ سے لیاقت آباد ٹاون کی عوام کے لئے عذاب نہ بننے دیا جائے، انہوں نے کہا کہ لیاقت آبا ٹاون کی عوام پانی کی فراہمی اور سیوریج کے پانی کی نکاسی کے معاملے میں پریشانی کا شکار ہے، اجلاس میں یوسی چیئرمینز نے اپنی یونین کونسلوں میں سیوریج کے درجنوں مسائل کی نشاندہی کی، لیاقت آباد ٹاون میں سیوریج کا ناکارہ سسٹم ہونے کی وجہ سے آئے دن مختلف یوسیزمیں سیوریج کا پانی جمع ہوتا رہتا ہے اورجس سے لیاقت آباد ٹاون کے مکین بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ علاقہ مکینوں کی متعدد بار واٹر اینڈ کارپوریشن کے عملے سے شکایات کے باوجود واٹراینڈ سیوریج کارپوریشن کا عملہ اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہا ہے۔ چیئرمین لیاقت آباد ٹاون فراز حسیب نے کہا کہ کر اچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے عوام کے مسائل حل کرے۔ کیونکہ پانی کی قلت اور سیوریج کی ناقص صورتحال کی وجہ سے عوامی پریشانی کے ساتھ ساتھ ٹاون انتظامیہ کو بلدیاتی امور سر انجام دینے میں دشواری پیش آرہی ہے اس موقع پر چیئرمین لیاقت آباد ٹاون فراز حسیب نے واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے افسران سے گفتگو کے دوران ضلع وسطی میں پانی کی قلّت اور سیوریج کے نظام کی درستگی کے حوالے سے فوری اور موثر اقدامات کرنے پر زو ردیا۔

واٹر کارپوریشن کے افسران نے چیئرمین فراز حسیب کو یقین دہانی کرائی کہ مرحلہ وار ان تمام مسائل کو حل کیا جائے گا۔اجلاس میں وائس چیئرمین لیاقت آباد ٹاون اسحاق تیموری، کوآرڈینٹر صغیر احمد انصاری، انور جمال، یوسی چیئرمینز، ایکس ای این بی اینڈ آر شفقت عالم، ایکس ای این واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ظہیر اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔#