گورنر سندھ سے اٹلی کی نئی تعینات ہونے والی سفیر ماریلیا آرمیلن کی ملاقات، مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

جمعہ 3 مئی 2024 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے اٹلی کی نئی تعینات ہونے والی سفیر ماریلیا آرمیلن ( Marilia Armellin) نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ گورنر ہائوس سے جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں قونصل جنرل اٹلی ڈینیلو گیوردانیلابھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے تعیناتی پر اٹالین سفیر کو مبارکباد دی، ملاقات میں پاک اٹلی دوطرفہ تجارتی اور ثقافتی تعلقات ، سرمایہ کاری سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے مابین تعلقات وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اٹلی کے سرمایہ کار سرمایہ کاری کریں انہیں ہر ممکن مدد فراہم کریں گے، کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ سرمایہ کاری کے لیے ایس آئی ایف سی بھرپور معاون ومددگار ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے اٹالین سفیر اور قونصل جنرل کو سندھ کی روایتی ٹوپی اور اجرک بھی پہنائی۔

دریں اثناءگورنر سندھ کے ہمراہ اٹلی کی نئی تعینات ہونے والی سفیر نے قائد روم ، آئی ٹی مارکی ، طاقتور پاکستان کے تحت راشن بیگزاور امید کی گھنٹی کا بھی دورہ کیا۔ قائد روم کے دورہ کے موقع پر گورنر سندھ نے اٹلی کی سفیر کو قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے زیر استعمال اشیاءکے بارے میں آگاہ کیا ، اٹلی کی سفیر نے بابائے قوم کے زیر استعمال اشیاءمیں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ گورنر سندھ نے اٹلی کی سفیر کو آئی ٹی مارکی اور امید کی گھنٹی کے دورہ کے موقع پر اس کی اہمیت و افادیت سے آگاہ کیا۔ اٹلی کی سفیر نے گورنر سندھ کے ہمراہ طاقتور پاکستان کے تحت راشن بیگز کا بھی معائنہ کیا۔ اٹلی کی سفیر نے گورنر سندھ کے فلاحی اقدامات کو بے حد سراہا، اور خوشگوار حیرت کا بھی اظہار کیا۔