صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سندھ سے انڈونیشیا کے قونصل جنرل ڈاکٹر جون کنکورو ہادین نگرات کی ملاقات

ملاقات میں پاکستان اور انڈونیشیا کے ثقافتی و سیاحتی امور اور انڈونیشین قونصلیٹ کے تحت کراچی میں سہہ روزہ ثقافتی پروگرام کے انعقاد پر تبادل خیال

جمعہ 3 مئی 2024 22:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2024ء) صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سندھ سید ذوالفقار علی شاہ سے انڈونیشیا کے قونصل جنرل ڈاکٹر جون کنکورو ہادین نگرات (Dr June Kuncoro Hadiningrat) نے انکے دفتر میں وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس موقع پر ملاقات میں انڈونیشیا کے قونصل برائے اقتصادی امور احمد سفیان، سیکریٹری ثقافت و سیاحت خالد چاچڑ، ایم ڈی سیاحت فیاض شاہ، ڈی جی نوادرات عبدالفتاح شیخ و دیگر بھی موجود تھے۔

ملاقات میں پاکستان اور انڈونیشیا کے ثقافتی و سیاحتی امور اور انڈونیشین قونصلیٹ کے تحت کراچی میں سہہ روزہ ثقافتی پروگرام کے انعقاد پر تبادل خیال کیا گیا۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انڈونیشین قونصل جنرل ڈاکٹر جون کنکورو نے بتایا کہ سہہ روزہ ثقافتی پروگرام کے ذریعے انڈونیشیا و پاکستان بالخصوص سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں لہذا اس سلسلے میں سہہ روزہ ثقافتی پروگرام 22 تا 24 جون کراچی میں منعقد کیا جائے گا، جس کے لیے محکمہ ثقافت سندھ کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ تاریخی، ثقافتی و سیاحتی اعتبار سے سندھ کی اپنی خاص اہمیت ہے جبکہ سندھ کے تاریخی ورثوں کو بہترین انداز میں محفوظ بنانے پر سندھ حکومت اچھا کام کررہی ہے۔ صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ نے انڈونیشین قونصل جنرل کو سہہ روزہ ثقافتی پروگرام کے انعقاد میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ پروگرام میں انڈونیشیا سے شرکت کرنے والے مہمانوں کے لیے سیاحتی پروگرام بھی ترتیب دیا جائے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ جکارتہ کے ساتھ سیاحتی، ثقافتی، اسپورٹس اور دیگر سرگرمیوں کا بھی تبادلہ کیا جائے گا۔ سید ذوالفقار علی شاہ نے انڈونیشین قونصل جنرل و دیگر مہمانوں کو سندھ روایتی اجرک اور موہن جو دڑو کے نوادرات کی نقول بطور تحفہ پیش کیں جبکہ انڈونیشین قونصل جنرل ڈاکٹر جون کنکورو ہادین نگرات نے بھی صوبائی وزیر کو تحائف پیش کیے۔

متعلقہ عنوان :