گندم درآمد کے معاملے پر حکومت رپورٹ کو پبلک کرنے ،ذمہ داران کیخلاف ایکشن لینے کا ارادہ رکھتی ہے‘ بلال یاسین

منگل 7 مئی 2024 17:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2024ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں 23لاکھ میٹرک ٹن گندم کا کیری فارورڈ سٹاک موجود ہے جو اگلے پورے سال کیلئے کافی ہے،نگران دور میں گندم کی غیر ضروری درآمد سے کاشتکار کیلئے بحران پیدا ہوا، ایک ماہ میں 20کلو آٹے کا تھیلا 1000روپے سستا ہوا، 20کلو آٹے کا تھیلا مارکیٹ میں 1700سے 1800میں دستیاب ہیجبکہ 10کلو آٹے کا تھیلا 900روپے میں دستیاب ہے۔

پنجاب بھر میں روٹی اور نان کم کی گئی نوٹیفائیڈ قیمتوں پر دستیاب ہیں، آٹے اور روٹی کی قیمت میں کمی سے عام آدمی کا بھلا ہوا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے سول سیکرٹریٹ میں محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، سیکرٹری خوراک پنجاب معظم اقبال سپرا، ڈائریکٹر فوڈ پنجاب شعیب خان جدون سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب میں صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کا کہنا تھا کہ حکومت کی پوری توجہ غریب آدمی کے ریلیف پر مرکوز ہے اور بھرپور حکمت عملی سے روٹی کی قیمت کم کر کے دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی 50فیصد آبادی شہروں میں رہتی ہے اور غریب عوام آٹے کی قیمت میں کمی پر خوش ہیں۔ بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب میں 23لاکھ میٹرک ٹن گندم کا کیری فارورڈ سٹاک موجود ہے جو اگلے پورے سال کیلئے کافی ہے۔

صوبائی وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ نگران دور میں گندم کی غیر ضروری درآمد سے کاشتکار کیلئے بحران پیدا ہوا۔ اس معاملے کی انکوائری کیلئے وزیراعظم نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی جو جلد رپورٹ پیش کرے گی۔ بلال یاسین نے کہا کہ حکومت فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ کو پبلک کرنے اور ذمہ داران کے خلاف ایکشن لینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ وزیر خوراک نے کہا کہ کاشتکاروں کے تحفظ کیلئے مارکیٹ میں گندم کی طلب و رسد پر گہری نگاہ رکھی جا رہی ہے۔

کاشکاروں کی سہولت کیلئے اس بار گندم کی بین الاضلاعی اور بین الصوبائی نقل و حمل کی اجازت دی گئی۔ کسانوں کی فلاح کیلئے حکومت نے فلور ملوں اور پرائیویٹ سیکٹر کو بھی گندم کی خریداری کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مشن کو پوری تندہی سے جاری رکھیں گے۔