عوام کے منتخب نمائندوں کے آنے تک ملک کو حقیقی آزادی نہیں ملے گی، محمود خان اچکزئی

پاکستان وسائل سے بھرا ہوا مگر ہم بھیک منگے بن گئے ہیں، مارشل لا لگایا گیا تو سب کو باہر نکلنا ہوگا، میڈیا سے گفتگو

بدھ 8 مئی 2024 22:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2024ء) چیئرمین پشتونخوا ملی عوامی پارٹی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک میں حقیقی آزادی اسی وقت آئیگی جب عوام کے منتخب کردہ نمائندے آئیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان میں جب آئین کی بات ہوتی ہے تو وہ سمجھتے ہیں کہ لڑائی ہمارے ساتھ ہے، پاکستان وسائل سے بھرا ہوا ہے لیکن ہم بھیک منگے بن گئے ہیں، ہر نعمتیں پاکستان میں ہیں لیکن پھر بھی ہم بھوکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس کیلئے جرات کرنی ہوگئی، جس دن ہمارے آئین کو چھیڑا گیا، مارشل لا لگایا گیا اس وقت ہم سب کو باہر نکلنا ہوگا، ہمیں کوئی عہدہ نہیں چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت سب سے مقبول لیڈر ہیں،انہیں رہا کرنا ہوگا، بانی پی ٹی آئی کو ضمانت پر رہا کر دیں، اگر وہ بھاگنے والے ہوئے تو بھاگ جائینگے ان کی جان بانی پی ٹی آئی سے چھوٹ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی آزادی اسی وقت آئیگی جب عوام کے منتخب کردہ نمائندے آئیں گے۔