محکمہ جنگلی حیات، مسکن سے بھٹکے پاڑہ ہرن کو بارڈر کی مضافا تی آبادی سے ریسکیو کرکے جنگل میں چھوڑ دیا

جمعرات 9 مئی 2024 19:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2024ء) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مدثر ریاض ملک کی زیر قیادت محکمہ جنگلی حیات کاصوبہ بھر میں جنگلی حیات کے غیر قانونی قبضہ،تجارت اور شکار کیخلاف آپریشن بھر پور انداز سے جاری ہے،جس کے نتیجے میں آئے روز صوبہ کے مختلف مقامات پر چھاپوں اور فیلڈ مانیٹرنگ کا سلسلہ شروع ہے،ا سی تنازظر میں وائلڈ لائف سٹاف نارووال نے بارڈ بیلٹ ایریا کی مضافاتی آبادی سے ایک نر پاڑہ ہرن کو بحفاظت ریسکیو کرکے قدرتی ماحول میں چھوڑ دیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف گوجرانوالہ ریجن عاصم بشیر چیمہ نے بارڈر بیلٹ ایریا سے ایک اطلاع پر کہ ایک پاڑہ ہرن مقامی آبادی میں داخل ہوچکا ہے اور عوام کا ہجوم اس کے تعاقب میں ہے پر فوری طور پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع نارووال ارشد ناز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ مذکورہ علاقہ میں پہنچیں اور جنگلی ہرن کو بحفاظت ریسکیو کریں،جس پر ٹیم نے بروقت کارروائی کر کے نر پاڑہ ہرن بحفاظت ریسکیو کرلیا اور ضروری طبی امداد کے بعد مجاز حکام کی ہدایت پر اہل علاقہ اور پنجاب رینجر ز کی موجودگی میں اسے قدرتی مسکن میں آزاد کردیا۔

(جاری ہے)

مزید برآں گزشتہ ماہ اپریل کے دوران راولپنڈی ریجن نے وائلڈ لائف کرائمزکی پاداش میں ساڑھے سولہ لاکھ روپے ریکارڈ جر مانہ کرکے نمایا ں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔