سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی انتہائی دلخراش ہے ، شاہ عبد الحق

جمعہ 10 مئی 2024 19:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2024ء) جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری نے کہا کہ سویڈن میں ایک بار پھر قرآن پاک کی بے حرمتی پر امت مسلمہ میں شدید اضطراب و غصہ ہے۔ کتاب اللہ کی بے حرمتی انتہائی دلخراش جس پر امت مسلمہ دکھی ہے۔اس طرح کے واقعات دنیا کے امن کو برباد کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔

انہوں نے میمن مسجد مین جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی مقدس ترین کتاب کی توہین انتہائی گھنائونی حرکت اور تشدد کو شہہ دینے کا سبب بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک میں اسلامی مقدسات کی توہین اسلامو فوبیا کا مظہر ہے ۔ ایسے واقعات کی بیخ کنی انتہائی ضروری ہے جس کیلئے عالمی سطح پر ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں ۔

(جاری ہے)

جما عت اھلسنّت کراچی کے ناظم ڈاکٹر سید عبد الوہاب قادری نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ کی تباہی کی ذمہ دار صیہونی ریاستی دہشت گردی ہے۔اسرائیلی جارحیت کے سبب فلسطین میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے ۔مسئلہ فلسطین کسی ایک ملک یا تنظیم کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے اور اسکے حل کیلئے اسلامی ممالک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری اور مسلم ممالک صرف زبانی کلامی مذمت پر اکتفا کر رہے ہیں ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ عالمی برادری خصوصاً مسلم ممالک فلسطین میں اسرائیلی مظالم رکوانے میں اپنا موثر کردار ادا کریں ۔