فیصل آباد چیمبر کامرس اینڈانڈسٹری کا پولٹری سیکٹر کو پہنچنے والے نقصانات کے فوری ازالہ کیلئے مراعاتی پیکیج کا مطالبہ

ہفتہ 11 مئی 2024 12:48

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2024ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے پولٹری سیکٹر کو پہنچنے والے نقصانات کے فوری ازالہ کیلئے مراعاتی پیکیج کا مطالبہ کیا ہے۔ چیمبر کے قائم مقام صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا کہ حالیہ معاشی صورتحال کی وجہ سے پولٹری سیکٹر شدید بحران کا شکار ہے اور ہر پولٹری شیڈ کے مالک کو 7ملین روپے کا ناقابل برداشت نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر یہ صورتحال جاری رہی تو پولٹری سیکٹر مکمل طور پر تباہ ہو جائے گا اور اس کے نتیجہ میں لوگ سستی پروٹین کے اس واحد ذریعہ سے محروم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس بھی کسی صنعت نے ترقی کی اس نے طلب و رسد کی بنیاد پر کی۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی شعبہ کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے تو حکومت آنکھیں بند کر لیتی ہے مگر جب انہیں مارکیٹ فورسز کی وجہ سے منافع ہوتا ہے تو حکومت اس کو مختلف حیلے بہانوں سے ختم کرنے کیلئے مداخلت کر کے پورے معاشی نظام کو دا ئوپر لگا دیتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں حکومت کو پولٹری فارمرز کے نقصانات کے فوری ازالہ کیلئے خصوصی مراعاتی پیکیج کا اعلان کرنا چاہیے بصورت دیگر یہ شعبہ مکمل طور پر تباہ ہو جائے گا۔