قبل از حج فلائٹ آپریشن، 13 پروازیں مزید3206 پاکستانی عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ پہنچیں

ہفتہ 11 مئی 2024 19:30

مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2024ء) قبل از حج فلائٹ آپریشن کے تحت ہفتہ کو ملک کے چھ بڑے شہروں سے 13 پروازیں مزید3206 پاکستانی عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ پہنچیں ۔ اس کے ساتھ ہی سرکاری حج سکیم کے تحت اب تک چلائی جانے والی حج پروازوں کی مجموعی تعداد 28 تک پہنچ گئی ہے جس سے 6690 حجاج کو مدینہ منورہ پہنچایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز کوئٹہ، لاہور اور ملتان سے دو، دو پروازیں چلائی گئیں جبکہ اسلام آباد سے چار اور کراچی سے تین پروازیں پہنچی ہیں۔

قبل از حج فلائٹ آپریشن کے پہلے 15 روز کے دوران تمام پروازیں 23 مئی تک پاکستان کے مختلف شہروں سے مدینہ منورہ کے لیے آپریٹ کی جائیں گی۔ اس کے بعد وہ قبل از حج فلائٹ آپریشن مکمل ہونے تک جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتریں گے۔