معذور افراد کے حقوق کیلئے قوانین کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے گا،سہیل شوکت بٹ

ہفتہ 11 مئی 2024 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2024ء) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال میں ایک اجلاس کا انعقاد ہوا۔ سوشل ویلفیئر کے لیگل کنسلٹنٹ عمر ساجد نے ایمپاورمنٹ آف پرسنز ود ڈسبلٹیز رولز 2024 کے بارے میں صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب آمنہ منیر شریف ، ڈائریکٹر سی آر پی ڈی عرفان گوندل، ڈویژنل ڈائریکٹر لاہور مزمل یار، یو این ایف پی اے سے تانیہ درانی اور مومنہ نے خصوصی شرکت کی۔

صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر نے اجلاس کے دوران جسمانی و ذہنی معذوری کا شکار افراد کے لیے قوانین کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہترین طرز پر تشکیل دینے کی ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معذوری کے حامل افراد کو معاشرے کا سرگرم رکن بننے کا مکمل حق ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے خصوصی طور پر معذور افراد کو سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے پاس قوانین تو ہیں مگر ان پر عملدرآمد کی کمی ہے، مگر اب ان قوانین کو مزید بہتر بنا کر ان پر سختی سے عملدرآمد کا وقت ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت ہے کہ معذور افراد کے حقوق کیلئے قوانین کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے۔ صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ صحت، تعلیم اور معاشی سہولتوں پر معذور افراد کا بھی مساوی حق ہے۔ یہ افراد ریاست کی سب سے اہم ذمہ داری ہیں ان کے حقوق کی جنگ ہر فورم پر لڑیں گے۔