معروف کامیڈین اداکار رنگیلاکی 19ویں برسی 24مئی کو منائی جائیگی

اتوار 12 مئی 2024 10:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) پاکستان کے معروف کامیڈین اداکار رنگیلاکی19ویں برسی 24مئی کو منائی جائیگی ۔ اداکار رنگیلا یکم جنوری 1937 کو افغانستان میں پیدا ہوئے، ان کا اصل نام محمد سعید خان تھا۔انہوںنے عملی زندگی کا آغاز باڈی بلڈنگ سے کیا، اس عظیم فنکارنے شروع میں کئی فلموں کے بورڈ تک بھی پینٹ کئے اور پھر اسٹیج کی ر اہ اختیار کرلی۔

انہوںنے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1958 میں فلم ’’جٹی‘‘ سے کیا جس میں انہوں نے اپنی مزاحیہ اداکاری کے جوہر دکھائے۔1969 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’دیا اور طوفان‘‘ میں بہترین مزاحیہ اداکاری کے ساتھ ساتھ بطور رائٹر، گلو کار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کے طور پر عوام کے سامنے آئے اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔

(جاری ہے)

رنگیلا پروڈکشن کے بینر تلے انہوں نے متعدد فلمیں بنائیں ان کی مشہور فلموں میں رنگیلا، دل اور دنیا، کبڑا عاشق، عورت راج، پردے میں رہنے دو، ایماندار، بے ایمان، انسان اور گدھا اوردو رنگیلے شامل ہیں۔

رنگیلا نے فلموں کے عام کامیڈین سے ہیرو شپ تک کا سفر انتھک محنت اور خداداد صلاحیتوں کے بل پر طے کیا۔ پردہ سکرین پراداکار رنگیلا اور منور ظریف کی جوڑی فلم بینوں میں ارتعاش پیدا کر دیتی تھی۔انہوں نے اپنے دور کی تمام ہیروئینوں کے مقابل مرکزی کردار ادا کئے۔ انہیںبہترین اداکاری اور دیگر شعبوں میں شاندار کاکردگی پر 9 مرتبہ نگار ایوارڈ سے نوازا گیا ۔

انہوں نے فلموں میں 63گانے بھی گائے اوراداکاری ، گلوکاری،ہدایت کاری سمیت دیگر شعبوں میں رنگیلا نے خود کو منوایا۔فلم پردہ نہ اٹھائومیں انہوںنے ٹرپل رول کیا جبکہ فلم عورت راج میں انہوںنے چار رول کیے اور پاکستان کے پہلے اداکارتھے جنھوں نے ایک فلم میں اتنے زیادہ رول ادا کیے ۔1991میں رنگیلا نے جگر اور گردے کے عارضے میں مبتلا رہنے کے باعث فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی تاہم بعد میں انہوںنے درجنوں اسٹیج ڈراموںمیں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ۔اداکار رنگیلا24 مئی 2005 کو اپنی بیماری کی وجہ سے اس دنیا ئے فانی سے کوچ کرگئے۔