9مئی سے جاری بارشوں اور آندھی سے 2بچے جاں بحق اور 25افراد زخمی ہوئے، ترجمان

اتوار 12 مئی 2024 12:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) پی ڈی ایم اے پنجاب نے 9مئی سے جاری ابتک بارشوں اور آندھی سے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق چھتیں گرنے سے 2بچے جاں بحق اور 25افراد زخمی ہوئے۔ ترجمان کے مطابق سرگودھا،بھکر،شیخوپورہ،قصور،گوجرانوالہ،فیصل آباد اور چنیوٹ میں طوفان اور بارشوں سے 11مکانات متاثر ہوئے جبکہ 9چھتیں گرنے 2بچے جاں بحق اور 25زخمی ہوگئے ۔

ترجمان کے مطابق چنیوٹ میں مکان کی چھت گرنے سے 4سالہ بچی حنا اورشیخو پورہ میں 10سالہ بچہ جاں بحق ہوئے جبکہ زخمی افراد میں 4 مرد، 9 خواتین اور 12 بچے شامل ہیں۔ درایں اثنا ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق انتظامیہ الرٹ ہے اورپی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24گھنٹے صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں متعلقہ ادارے فوری ریسپانڈ کریں،قدرتی آفات کا مقابلہ مل کر اور باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شہری خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، طوفانی بارشوں اور بجلی کی گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں،سفر سے پہلے موسم کی صورتحال کا جائزہ لیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں جبکہ ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر کال کریں۔