خواجہ آصف کو برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہئے،اسد قیصر

کل جس طرح خواجہ آصف نے سپیکر قومی اسمبلی کے ساتھ بات کی ہم اس کی مذمت کرتے ہیں،رہنماءپی ٹی آئی کا قومی اسمبلی میں خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 14 مئی 2024 11:50

خواجہ آصف کو برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہئے،اسد قیصر
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 مئی 2024) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاسد قیصر کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کو برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہئے وہ 80سال کے بزرگ اور سینئر پارلیمنٹرین ہیں ، کل جس طرح خواجہ آصف نے سپیکر قومی اسمبلی کے ساتھ بات کی ہم اس کی مذمت کرتے ہیں،قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواجہ آصف سینئر پارلیمنٹیرین ہیں لہذا انہیں اس بات کا احساس ہونا چاہیے۔

ہم کسی کی زور زبردستی نہیں مانتے، چاہے وہ ہمارا باپ ہی کیوں نہ ہو۔ فاٹا ایک جنگ زدہ علاقہ رہا ہے لیکن اب تک انہیں کوئی ہسپتال یا کالج نہیں دیا گیا جب کہ اس علاقے میں کسی قسم کے ترقیاتی کام بھی نہیں ہورہے، جس کا مطلب وہاں بے روزگاری پیدا ہوگی اور عوام میں مایوسی پیدا ہوگی۔

(جاری ہے)

ایسے میں وہ دیگر علاقوں کی برابری کیسے کرسکتے ہیں اور اب اگر ان پر ٹیکس لاگو کردیا گیا تو یہ ان کے ساتھ زیادتی ہوگی۔

اسد قیصر نے فاٹا سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کی تمام جماعتوں نے متفقہ طور پر فاٹا کو ٹیکس چھوٹ دی تھی اور یہ سہولیت انہیں اس لئے دی گئی تھی تاکہ وہ ملک کے دیگر علاقوں کی برابری کرسکیں لیکن افسوس انہیں بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا۔ فاٹا سے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ ٹیکس نہیں دیتے، حالانکہ میرے پاس تمام اعدادو شمار موجود ہیں، فاٹا سے تقریباً 70 بلین روپے ٹیکس کی مد میں وصول کیے جارہے ہیں لیکن فاٹا کو ضم کرتے وقت جو وعدہ کیا گیا تھا کہ 3 فیصد وفاق اور صوبہ دے گا جس میں سے ابھی تک ایک پیسہ بھی نہیں دیا گیا۔

رہنماءپی ٹی آئی نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے پر ایک کمیٹی بنائیں تاکہ اس پر بحث کی جاسکے اور اس میں فاٹا کی نمائندگی بھی شامل کی جائے۔