عوام دوست بجٹ پر عمل درآمد کو یقینی بنانا اور ترقیاتی ہداف کو حاصل کرنا موجودہ پارلیمان کی اولین ترجیح ہو گی، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ

منگل 14 مئی 2024 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ عوام دوست بجٹ پر عمل درآمد کو یقینی بنانا اور ترقیاتی ہداف کو حاصل کرنا موجودہ پارلیمان کی اولین ترجیح ہو گی، بجٹ صرف مالیاتی دستاویز نہیں بلکہ یہ قوم کی ترجیحات، امنگوں اور عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کا عکاس ہے، بجٹ ایک مالیاتی روڈ میپ کے طور پر کام کرتا ہے اور ایک مقررہ مدت کے لیے اخراجات اور آمدنی کا تعین کرتا ہے۔

بجٹ کی تشکیل اور عملدرآمد میں کارکردگی، مہارت اور شفافیت کو یقینی بنانا عوام کے منتخب نمائندوں کی ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) کے زیر اہتمام ’’سالانہ وفاقی بجٹ اور ترقیاتی پروگرام کی موثر نگرانی" کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے بجٹ کی تشکیل کے لیے پارلیمانی عمل کو بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے مطلوبہ مقاصد کے حصول کے لیے موجودہ وسائل کو موثر طریقے سے استعمال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مضبوط میکانزم کے ساتھ ساتھ حکومتی سطح پر احتساب کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان کے پارلیمانی بجٹ کی تشکیل کے عمل میں خامیوں کو دور کرنے، شفافیت کو یقینی بنانے، احتساب اور وسائل کی موثر تقسیم کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پارلیمانی کمیٹیوں کو با اختیار بنانے اور بجٹ سے پہلے ضروری اقدامات کرنے اور جانچ پڑتال کی ضرورت پر زور دیا۔