ابھی تک بلوچستان میں گندم کی خریداری کا عمل شروع نہیں کیاہے،ترجمان محکمہ خوراک بلوچستان

منگل 14 مئی 2024 23:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) ترجمان محکمہ خوراک کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ خوراک نے ابھی تک بلوچستان میں گندم کی خریداری کا عمل شروع نہیں کیاہے، میڈیا میں من پسند آرتھیوں (کسانوں) سے گندم خریدنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہیں۔محکمہ خوراک میں بدعنوان عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں ہیں۔ منگل کوترجمان محکمہ خوراک نے کہا کہ گندم خریداری کے عمل میں شفافیت پر کوئی کمپرومائز قبول نہیں کیاجائیگا۔

صوبائی کابینہ نے گندم خریداری پالیسی اینڈ پلان 2024 کا جائزہ لیکر منظوری دی ہے جبکہ بلوچستان حکومت نے اس سال 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے گندم کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

ترجمان محکمہ خوراک نے کہا کہ گندم کی خریداری کا عمل شفاف انداز میں صرف منظور شدہ مراکز پر پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کیا جائے گا،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گندم کی خریداری میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی ہےکمیٹی صوبے بھر میں گندم کی خریداری کے عمل میں شفافیت اور کوتاہیوں کا جائزہ لے گی۔

انھوں نے کہا کہ محکمہ موجودہ خریداری سیزن کے دوران تمام منظور شدہ مراکز میں باردانہ کی دستیابی کو یقینی بنائے گا۔ گندم کی خریداری ضرورت اور دستیاب گوداموں میں ذخیرہ کرنے کی گنجائش کے مطابق کی جائے گی۔ترجمان محکمہ خوراک نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے اپنے اجلاس میں گندم کی خریداری کا طریقہ کار تبدیل کرنے اور گندم کے لیے اپنی مرضی کے مطابق جدید ماحول دوست تھیلے خریدنے کی منظوری دے دی ہیں جبکہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد دومٹر کی ہدایت پر کسانوں کی معاشی بہبود پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا، اور اس ضمن میں گندم کی خریداری اور باردانہ کے حصول میں کسانوں کو ہرممکن معاونت فراہم کیا جائے گا۔