وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین اور وفد کی ملاقات

تاجربرادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا،تمام اقدامات باہمی مشاورت سے کئے جائیں گے، وزیر خزانہ کی گفتگو

منگل 14 مئی 2024 23:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب سے پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی)کے وفد نے چیئرمین پی بی سی شبیر دیوان کی قیادت میں (آج)منگل کوفنانس ڈویژن میں ملاقات کی جس میں ایف بی آر کے چیئرمین ملک امجد زبیر ٹوانہ بھی موجود تھے تاکہ تاجر برادری کے تحفظات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی)کے وفد نے وزیر خزانہ سے ملک کے موجودہ معاشی منظرنامے پر تبادلہ خیال کیا اور بجٹ اور ٹیکس کی مخصوص تجاویز کو زیرغورلانے کے لیے پیش کیا۔ وفاقی وزیر محمد اورنگزیب نے پی بی سی کی تجاویز کو تسلیم کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا اور چیئرمین ایف بی آر سے اس کا نوٹس لینے کو کہا۔ انہوں نے ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کی جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جس کا مقصد ٹیکس کے دائرے میں نہ آنے والے طبقات کو لانا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت اور تاجر برادری دونوں کے لیے بہترین نتائج کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات باہمی مشاورت سے کیے جائیں گے۔