پاکستان نے آئرلینڈ کو فیصلہ کن ٹی ٹونٹی میں 6وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی، شاہین آفریدی پلیئر آف دی میچ قرار

منگل 14 مئی 2024 23:20

دبلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) پاکستان نے آئرلینڈ کو آخری اور فیصلہ کن ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں آسان مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2سے اپنے نام کرلی، گرین شرٹس نے 179رنز کا ہدف 17اوورز میں حاصل کیا، بابراعظم اور محمد رضوان نے شاندار نصف سنچریاں سکور کیں، شاہین آفریدی کو 14رنز کے عوض 3اہم وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

منگل کو ڈبلن میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بائولنگ کا فیصلہ کیا۔آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے، لورکان ٹکر نی41 گیندوں پر73 رنز کی اننگز کھیلی جس میں13 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے۔

(جاری ہے)

دیگر کھلاڑیوں میں اینڈی بالبیرنی35 اور ہیری ٹیکٹر 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان ٹیم کے سٹار فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئی14 رنز دے کر3 اور عباس آفریدی نی43 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، محمد عامر اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ قومی ٹیم نے آئرلینڈ کا 179 رنز کا ہدف 17 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا، اوپنر صائم ایوب 14رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو کپتان بابراعظم نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 139 رنز بنا کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔

یہ بابراعظم اور محمد رضوان کی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں دسویں مرتبہ سنچری پارٹنر شپ ہے۔ بابراعظم نے 42 بالوں میں 75رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 5چھکے اور 6چوکے شامل ہیں جبکہ محمد رضوان نے 38 بالوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل ہیں۔افتخار احمد5رنز بنا کر چلتے بنے، اعظم خان 6 بالوں پر 18اور عماد وسیم ایک رن کے ساتھ وکٹ پرناٹ آئوٹ رہے۔ آئرش بائولر مارک اڈایر نے 3اور کریگ ینگ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔شاہین آفریدی کو 14رنز کے عوض 3اہم وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔