چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس ہاشم خان کاکڑ دو روزہ دورے پر تربت پہنچ گئے

منگل 14 مئی 2024 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس ہاشم خان کاکڑ دو روزہ دورے پر تربت پہنچ گئے۔ بلوچستان ہائی کورٹ سرکٹ بینچ تربت پہنچنے پر چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کا پرشکوہ استقبال کیا گیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ اف آنر پیش کیا گیا ۔چیف جسٹس کے ہمراہ بلوچستان ہائی کورٹ کے جج صاحبان جسٹس عبداللہ بلوچ،جسٹس روزی خان بڑیچ اور ممبر انسپیکشن ٹیم و سیشن جج ،ایڈوکیٹ جنرل بلوچستان آصف ریکی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے اپنے دورہ تربت کے دوران معزز جج صاحبان کے ہمراہ بلوچستان ہائی کورٹ سرکٹ بینچ تربت میں مختلف دیوانی اور فوجداری مقدمات کی سماعت کی اور مختلف کیسز نمٹانے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس جسٹس ہاشم خان کاکڑ نے کیچ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ان کے اعزاز میں دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی نظام میں اصلاحات لانا اور انصاف کی بروقت فراہمی کے لیے کورٹ کیسز فوری طور پر نمٹانا ان کی ترجیحات میں سر فہرست ہے اس حوالے سے ان کاکہنا تھا کہ بار اور بینچ کا کردار کسی بھی ملک میں انصاف کی فوری فراہمی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور مجھے قوی امید ہے کہ بار اور بینچ مل کر غریب عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے میں اپنا مثبت اور موثر کردار ادا کریں گے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی نظام میں اصلاحات کے لیے ان کی خواہش ہے کہ مختلف لور کورٹس کی اپگریڈیشن کر دی جائے تاکہ سائلین کو فوری انصاف ان کی دہلیز پر میسر آ سکے-انہوں نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہوئی ہے کہ تربت کے قانون کے شعبے کے طالب علم لا کالج تربت میں تعلیم حاصل کرکے ملک کے کونے کونے میں اپنے علاقے کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہاں کے فارغ التحصیل طالب علم مستقل میں صوبہ کے مختلف کورٹس میں اعلیٰ عدالتی عہدوں پر فائز ہونگے۔

انہوں نے وکلاءکو موجودہ بار روم کی سولرائزیشن کے علاوہ ان کے لیے آیک نئے بار روم کی تعمیر میں مدد دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ قبل ازیں کیچ بار ایسوسی ایشن کے صدر رستم گچکی ایڈووکیٹ نے اپنی تقریر میں چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ چیف صاحب کیچ بار کو درپیش مسائل حل کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کریں گے۔

علاوہ ازیں چیف جسٹس صاحب نے اپنے دورہ تربت کے موقع پر تربت یونیورسٹی کی لا فیکلٹی کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر تربت یونیورسٹی ڈاکٹر جان محمد اور پرو وائس چانسلر منصور بلوچ نے وہاں پر انکا استقبال کیا۔ چیف جسٹس جناب جسٹس ہاشم خان کاکڑ نے لا فیکلٹی کے کلاس رومز میں طلباءوطالبات کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے طلباءو طالبات کے ساتھ گپ شپ بھی کی اور انکے مسائل دریافت کیے۔

اس موقع پر طلبہ و طالبات نے انہیں ٹرانسپورٹ و بجلی سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں چیف جسٹس نے تربت یونیورسٹی کی لا فیکلٹی کےفیز 2 منصوبے کا معائنہ کیا اور پبلک لائبریری کا بھی دورہ کیا۔ چیف جسٹس کو یونیورسٹی کے حکام کی جانب سے لا فیکلٹی کے معاملات کے حوالے سے بریفننگ بھی دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کو لا فیکلٹی کے طلباءوطالبات کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کے تلقین کی۔

دورے کے آخر میں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس ہاشم خان کاکڑ نے تربت میں زیر تعمیر بلوچستان ہائی کورٹ کے ریگولر بینچ کی سائٹ کا دورہ کیا اور وہاں زیر تعمیر عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر انہیں متعلقہ اداروں کے چیف انجینئرز کی جانب سے بریفننگ بھی دی گئی۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ بلوچستان ہائی کورٹ ریگولر بینچ کی زیر تعمیر عمارت میں کام کے معیار کا خاص خیال رکھا جائے اور اس حوالے سے کوالٹی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے۔

اس موقع پر انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکٹ بینچ تربت کی زیر تعمیر عمارت کو اپنے مقررہ وقت پر تکمیل کے لیے انتظامات کیے جائیں اور آگر منصوبے کے فنڈنگ کے حوالے سے کسی دقت کا سامنا ہے تو انہیں دستاویزات کے ساتھ آگاہ کریں تاکہ وہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ جاکر اس کے حوالے سے متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کرسکیں۔