امریکی قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز نے تاریخی مسجد وزیر خان کے محفوظ اور بحال ہونے والے جنوبی حصے کا افتتاح کر دیا

منگل 14 مئی 2024 23:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) امریکی قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز نے تاریخی مسجد وزیر خان کے محفوظ اور بحال ہونے والے جنوبی حصے کا منگل کے روز افتتاح کر دیا۔محفوظ اور بحال ہونے والے حصے میں17ویں صدی کے امام ضامن کا مقبرہ، 6حجرے، مرکزی حصہ اور مسجد کے جنوب مشرقی مینار شامل ہیں' جو گزشتہ کئی برسوں سے عدم توجہ اور ترقیاتی کاموں کے نہ ہونے کی وجہ سے خستہ حالی کا شکار ہوچکے تھے۔

اس منصوبے پر 2 لاکھ امریکی ڈالر لاگت آئی ہے، جس کے لیے فنڈنگ یو ایس ایمبیسڈر فنڈ برائے ثقافتی تحفظ سے کی گئی'منصوبہ آغا خان فائونڈیشن کلچرل سروسز پاکستان اور والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے مکمل کیا۔لاہور میں تعینات امریکی قونصل جنرل نے گزشتہ روز بحال اور محفوظ ہونے والے جنوبی حصے کا تفصیلی دورہ کیا'دورے کے بعد امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ ثقافتی ورثے کی بحالی خوش آئند اقدام ہے، یہ ورثہ شراکت کی بنیاد پر بحال کیا گیا ہے، امریکا پاکستان میں ثقافتی ورثے کی بحالی میں دلچسپی رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

کرسٹن ہاکنز نے کہا کہ امید ہے کہ وزیر خان مسجد کی بحالی کے لیے جو کام کیا گیا ہے وہ پاکستان اورامریکہ کی شراکت داری کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ثقافتی اور مذہبی ورثے کے لیے امریکہ کے لیے احترام کی ایک مضبوط علامت بن کر ابھرے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر خان مسجد اور اردگرد چوک کو 2002 سے اب تک اے ایف سی پی اور یو ایس مشن پاکستان سے تقریبا 1.6 ملین ڈالر کی چار گرانٹس سے فائدہ ہوا ہے۔

امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ مجھے اس بات کی بھی خوشی ہوئی ہے کہ ثقافتی تحفظ کے ان منصوبوں سے پاکستانی نوجوانوں کیلئے ہنر حاصل کرنے کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ۔وزیر خان مسجد 17 ویں صدی کا شاہکار ہے، اس مسجد کو مغل شہنشاہ شاہ جہاں کے دور میں تعمیر کیا گیا تھا، یہ مسجد شہر لاہور میں دہلی دروازہ، چوک رنگ محل اور موچی دروازہ سے تقریبا ایک فرلانگ کی دوری پر واقع ہے۔