خانیوال ،768 سرکاری اسکولوں میں طلبہ طالبات کی یونین سازی کیلئے’’اسٹوڈنٹس کونسل‘‘ کے انتخابات (کل) ہوں گے

بدھ 15 مئی 2024 12:01

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) ضلع خانیوال کے 768 سرکاری اسکولوں میں طلبہ طالبات کی یونین سازی کے لئے’’اسٹوڈنٹس کونسل‘‘ کے انتخابات 16 مئی کو ہوں گے 17 مئی کو کامیاب اُمیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔انتخابات میں 1536 پینل حصہ لیں گے۔انتخابات پاکستان کے مروجہ انتخابی نظام کے ماڈل پر ہوں گے۔ طلباء و طالبات ووٹ کے ذریعے چار عہدوں صدر، نائب صدر،جنرل سیکرٹری اور فنانس سیکرٹری کو منتخب کریں گے۔

تفصیل کے مطابق ضلع خانیوال کے 768 سرکاری اسکولوں میں طلبہ طالبات کی یونین سازی کے لئے’’اسٹوڈنٹس کونسل‘‘ کے انتخابات 16 مئی کو ہوں گے انتخابات کے لیے تمام اسکولز میں اُمیدواروں کے پینلز نے 8 مئی سے 10 مئی تک کاغذات نامذدگی جمع کروائے ہیں جن کی 11 مئی کو باضابطہ سکروٹنی کی گئی اور 1536 پینلز کو انتخابی نشانات جاری کردئیے گئے ہیں اور 16 مئی کو پولنگ ہوگی۔

(جاری ہے)

الیکشن کے لیے ٹیچرز کو باقاعدہ الیکشن کمشنر مقرر کردیا گیا ہے انتخابات میں ووٹنگ کے عمل کے لیے باقاعدہ بیلٹ پیپرز اور بیلٹ باکس استعمال کیے جائیں گے امیدوار اپنے پولنگ ایجنٹس مقرر کریں گے ہر امیدوار نظم و ضبط، ضابطہ اخلاق،شائستہ مہم،نتائج قبول کا پابند ہوگا،یہ انتخابات آئیندہ ہر سال ہوا کریں گے۔ شفاف اور منصفانہ انتخابات منعقد کروانے کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور سکول انتظامیہ انتخابات میں مکمل غیر جانبدارانہ کردار ادا کرے گی۔

ان سکولز کونسلز کے قیام کا مقصد تعلیمی اداروں میں ہم نصابی سرگرمیوں کا فروغ، اسپورٹس میں اضافہ،تقریری تحریری مضمون نویسی مقابلوں کا فروغ ہوگا۔نومنتخب اسکولز کونسلز سے حلف کے لیے موسم گرما کی تعطیلات سے پہلے پہلے تقریب حلف برداری منعقد ہوگی جس میں منتخب نمائندے وزراء ارکان قومی و صوبائی اسمبلی مہمانان خصوصی ہوں گے انتخابات میں حصہ لینے سے طلباء وطالبات کو ووٹ کاسٹنگ کا طریقہ اور جمہوری رویوں سے آگاہی حاصل ہوگی اور مثبت اقدار پروان چڑھیں گی۔

الیکشن ڈے پر بھی منتخب اراکین اسمبلی,ڈپٹی کمشنر،ڈی پی او، اے سی صاحبان، ڈی ایس پی صاحبان،محکمہ تعلیم کے افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد کو اسکولز میں پولنگ کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے مدعو کیا جارہا ہے تاکہ وہ انتخابی عمل کو خود دیکھ سکیں۔