صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی کی سنجنٹا(Syngenta)پاکستان پرائیویٹ لمیٹیڈ کمپنی کے کنٹری ہیڈ ذیشان حسیب بیگ سے ملاقات

صوبہ پنجاب میں فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لیے محکمہ زراعت پنجاب اور پرائیویٹ سیکٹر کا باہمی اشتراک و تعاون از حد ضروری ہے

بدھ 15 مئی 2024 12:10

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے سنجنٹا(Syngenta)پاکستان پرائیویٹ لمیٹیڈ کمپنی کے کنٹری ہیڈ ذیشان حسیب بیگ سے زراعت ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، مینجر بزنس کمیونیکشن افضان منیر اور ہیڈ ریسرچ اینڈ ڈویلمپنٹ توصیف الحق بھی موجود تھے۔

اس موقع پروزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کو سنجنٹا کمپنی کے کنٹری ہیڈ ذیشان حسیب بیگ نے بریفنگ دیتے ہوئے کمپنی کے متعلق تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ کمپنی کاشتکاروں کو زرعی مداخل، ٹیکنیکل فیلڈ راہنمائی اور ڈیجیٹل سروسز کے علاوہ فصلوں کی پیداوار بڑھانے اور ضرررساں کیڑوں کو کنٹرول کرنے والی پروڈکٹس فراہم کرتی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرصوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب میں فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لیے محکمہ زراعت پنجاب اور پرائیویٹ سیکٹر کا باہمی اشتراک و تعاون از حد ضروری ہے۔

کاشتکاروں کو فصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی اور موبلاائزیشن کے لیے مشترکہ پروگرامز کا انعقاد وقت کا اہم تقاضا ہے۔ وزیر زراعت نے مزید کہا کہ کپاس کی کاشت کے سلسلے میں مشترکہ پروگرامز کے انعقاد کے ذریعے کاشتکاروں کی راہنمائی کی جائے۔انھوں نے کاشت کاروں کو معیاری زرعی مداخل کی فراہمی کے لیے کمپنی کی خدمات کو سراہا۔

وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب کاشتکاروں سے روابط میں بہتری کے لیے زرعی گریجویٹس کی کنٹریکٹ پر بھرتی کر رہا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ زرعی گریجویٹس کے ساتھ ڈیلرز اور فرنچائز کو منسلک کر کے کسانوں کے ساتھ مشاورتی سیشنز کا اہتمام کیا جائے۔ نواز شریف کسان کارڈ کے اجرا ئکے سلسلے میں کمپنی کے تمام ڈیلرز اور فرنچائز کی آؤٹ لیٹس پر سہولیات فراہم کی جائیں۔

سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کو فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لیے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے اس موقع پر کہا کہ جنوبی پنجاب میں کپاس کے کاشتکاروں کی رہنمائی کے لیے محکمہ زراعت پنجاب کے اشتراک سے آگاہی پروگرامز منعقد کئے جائیں گے۔محکمہ زراعت پنجاب اور پرائیویٹ سیکٹر کی رہنمائی سے کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی واقع ہو گی۔افتخار علی سہو نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب میں کپاس کی کاشت اور پیداوار کے ہدف کے حصول کیلئے نجی شعبہ محکمہ زراعت کے ساتھ کاشتکاروں کی فنی رہنمائی کے لیے تعاون کرے۔ انھوں نے مزید کہا کہ عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا فروغ از حد ضروری ہے۔