کرکٹ کے عالمی شہرت یافتہ شیدائی صوفی عبدالجلیل چاچا کرکٹ انگلینڈ میں ٹی ٹونٹی سیریز اور امریکہ میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے انگلینڈ روانہ ہو گئے

بدھ 15 مئی 2024 17:28

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) کرکٹ کے عالمی شہرت یافتہ شیدائی صوفی عبدالجلیل چاچا کرکٹ انگلینڈ میں ٹی ٹونٹی سیریز اور امریکہ میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ دیکھنے کے لئے انگلینڈ روانہ ہوگئے ۔انگلینڈ میں ٹی ٹونٹی سیریز اور امریکہ میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچوں میں پاکستانی ٹیم کے حوصلے بڑھانے اور کرکٹ کے شائقین میں جوش و جنون پیدا کرنے کے لئے کرکٹ کے عالمی شہرت یافتہ شیدائی صوفی عبدالجلیل چاچا کرکٹ بین الاقوامی پرواز کے ذریعے لندن روانہ ہوگئے ۔

ائیرپورٹ پر انہیں ان کے دوستوں عبدالشکور مرزا، ڈاکٹر محمد ریاض اور ان کے شیدائیوں نے الوداع کہا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہیں پھولوں کے ہار بھی پہنائے گئے ۔

(جاری ہے)

گلدستہ پیش کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوفی عبدالجلیل چاچا کرکٹ نے کہا کہ انہوں نے پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے جس سفر کا آغاز آج سے 54 سال قبل کیا تھا زندگی کے 76 ویں سال میں داخل ہونے کے باوجود جاری ہے۔

پاکستان کے قومی پرچم کو سربلند رکھنے اور گنبد خضری کے رنگ کو دنیا بھر میں متعارف کروانے کے اس مشن میں انہوں نے اپنی تمام جائیداد بیچ کر اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی لگا دی ہے اور خود اپنی بیوی اور بچوں کو ایک کرائے کے مکان میں لے آئے ہیں۔ کرکٹ بورڈ کے چیئر مین کے کہنے پر ابوظہبی کی میونسپیلٹی کی اچھی بھلی نوکری چھوڑ کر وطن واپس آگیا مگر چند سال معمولی ماہانہ مشاہرہ دینے کے بعد بند کردیا گیا۔ چاچا کرکٹ نے ان کے موجودہ دورے کو سپانسر کرنے والے اپنے محسنوں کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔