ہلال احمر پاکستان میں شعبہ صحت اور تعلیم میں اہم کردار ادا کررہا ہے، راشد مبارک المنصوری

بدھ 15 مئی 2024 19:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) ہلال احمر یو اے ای کے جنرل سیکریٹری راشد مبارک المنصوری نے کہا ہے کہ ہلال احمر پاکستان میں شعبہ صحت اور شعبہ تعلیم میں تیزی سے کام کرنے والوں میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی کی سربراہی میں7 رکنی وفد کے ہمراہ چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ سے ملاقات کے دوران کیا۔

دوران ملاقات چیف سیکریٹری سندھ کو پاکستان میں ہونے والے منصوبوں کے بارے میں معلومات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات حکومت پاکستانی عوام کی ہر مشکل سے واقف ہے اور اس ضمن میں لاڑکانہ میں جدید اسپتال اور دادو میں سیلاب متاثرین کیلئے گھر بنا رہے ہیں۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ نے متحدہ عرب امارات کی صحت اور ہائوسنگ کے شعبوں میں کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم یو اے ای کے ساتھ تعلقات کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ملاقات کے دوران قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی اور جنرل سیکریٹری راشد مبارک المنصوری کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔