نیپالی عدالت نے کرکٹر سندیپ لامیچانی کو ریپ الزام سے بری کردیا

بدھ 15 مئی 2024 20:50

کھٹمنڈو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) نیپالی کرکٹر سندیپ لامیچانی کو عدالت نے ریپ کے الزام سے بری کردیا، انہیں فوری طور پر اپنی کرکٹ جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سکواڈ کے لئے ان کے نام پر غور کئے جانے کے امکانات ہیں۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کے فوری بعد کرکٹ ایسوسی ایشن آف نیپال نے اس بات کی تصدیق کی آئی سی سی کی کلیئرنس کے بعد لامیچانے کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شامل کئے جانے پر غور کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی نے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی تمام20 ٹیموں کو25 مئی تک ورلڈ کپ کے لئے حتمی15 رکنی سکواڈ جمع کرانے کا وقت دیا ہواہے۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ آئندہ ماہ یکم جون سے 29 جون تک ویسٹ انڈیز اور امریکہ کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا۔ ترجمان نیپالی کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ چونکہ ہائی کورٹ نے سندیپ کو تمام الزامات سے بری کردیا ہے اس لئے وہ اب ہر طرح کی کرکٹ کھیلنے کے لئے کلیئر ہو گئے ہیں۔ نیپال کا ابتدائی سکواڈ پہلے ہی کیریبین میں ہے اور سینٹ ونسنٹ میں ٹریننگ میں مصروف ہے جبکہ وہ ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل یو ایس اے روانہ ہو جائیں گے۔نیپال کا پہلا میچ چار جون کو نیدرلینڈز کے خلاف ڈیلس کے مقام پر ہوگا۔