امریکی صدارتی انتخابات کی مہم صدر جو بائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ جون میں مباحثوں میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے

27 جون کو پہلے صدارتی مباحثے کی میزبانی امریکی نشریاتی ادارہ ”سی این این“ کرے گا جبکہ ”اے بی سی نیوز“ 10 ستمبر کو دوسرے مباحثے کا میزبان ہو گا .امریکی ادار ے کی رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 16 مئی 2024 12:36

امریکی صدارتی انتخابات کی مہم صدر جو بائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ جون میں ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16مئی۔2024 ) رواں برس پانچ نومبر کے ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات کی مہم کے دوران صدر جو بائیڈن اور ان کے متوقع ری پبلکن حریف سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ دو مباحثوں میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے. بائیڈن اور ٹرمپ کے درمیان 27 جون کو پہلے صدارتی مباحثے کی میزبانی امریکی نشریاتی ادارہ ”سی این این“ کرے گا جبکہ ”اے بی سی نیوز“ 10 ستمبر کو دوسرے مباحثے کا میزبان ہو گا ٹرمپ کئی ہفتوں سے مباحثے کا مطالبہ کر رہے تھے جب کہ صدر بائیڈن نے حال ہی میں ان مباحثوں پر اتفاق کیا ہے امریکی صدارتی انتخابات کی مہم کے دوران امیدواروں کے درمیان مباحثوں کی روایت دہائیوں سے چلی آ رہی ہے.

(جاری ہے)

بدھ کو مباحثوں کی تاریخوں پر اتفاق کے بعد دونوں امیدواروں نے فوری طور پر ایک دوسرے پر طنز کیا صدر بائیڈن نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 2020 میں مجھ سے دو مباحثے کھوئے، اس کے بعد سے وہ بحث کے لیے نہیں آئے ہیں جبکہ سابق صدر ٹرمپ نے جواب میں کہا کہ بائیڈن ایک بدترین بحث کرنے والے شخص ہیں اور وہ دو جملے ایک ساتھ نہیں کہہ سکتے ہیںصدر بائیڈن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم” ایکس“ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 2020 میں مجھ سے دو مباحثے ہارے اس کے بعد سے وہ بحث کے لیے نہیں آئے ہیں.

دوسری جانب ٹرمپ نے اپنے” ٹروتھ “سوشل سائٹ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ صدر بائیڈن کے ساتھ بحث کے لیے تیار ہیں انہوں نے کہا کہ بائیڈن ایک بدترین بحث کرنے والے شخص ہیں اور وہ دو جملے ایک ساتھ نہیں کہہ سکتے. دونوں راہنماﺅں کے درمیان 2020 کے صدارتی انتخابات میں بھی آمنا سامنا ہوا تھا جس میں ٹرمپ بائیڈن سے ہار گئے تھے لیکن وہ اب بھی یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہیں ایک سازش کے تحت صدر بننے سے روکا گیا تھا سابق صدر ٹرمپ کو مختلف مقدمات میں مجرمانہ الزامات کا بھی سامنا ہے ان مقدمات میں سے ایک کا فیصلہ اگلے دو ہفتوں میں آنے کی توقع ہے ٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے 2016 کے صدارتی انتخابات سے قبل ایک پورن اسٹار کو اپنے افیئر پر خاموش رہنے کے لیے رقم فراہم کی تھی اور بعد ازاں اس رقم کو غلط طور پر خرچے کے طور پر ظاہر کیا.