اسحاق ڈار کی بطورنائب وزیراعظم تقرری کے خلاف دائردرخواست خارج

قانون کے مطابق وزیراعظم کسی عہدے کے لیے کسی شخص کو نامزد کر سکتا ہے‘وکیل وفاقی حکومت

جمعرات 16 مئی 2024 14:37

اسحاق ڈار کی بطورنائب وزیراعظم تقرری کے خلاف دائردرخواست خارج
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تقرری کے خلاف دائر درخواست خارج کردی۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کی ۔درخواست گزار کا موقف تھا کہ سینیٹر اسحاق ڈار وزیر خارجہ کے عہدے پر تعینات ہیں، جنہیں مزید نوازنے کے لئے نائب وزیر اعظم بھی مقرر کر دیا گیا ہے،آئین میں نائب وزیر اعظم کا عہدہ ہی موجود نہیں لہٰذا عدالت اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیر اعظم تقرری کالعدم قرار دے۔

وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تعیناتی نہیں بلکہ نامزدگی ہے۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیا نائب وزیراعظم کو کوئی تنخواہ مل رہی ہی ۔

(جاری ہے)

جس پر وفاقی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ اسحاق ڈار کو صرف وزیر خارجہ کی ہی تنخواہ مل رہی ہے،قانون کے مطابق وزیراعظم کسی عہدے کے لیے کسی شخص کو نامزد کر سکتا ہے۔عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تقرری کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جس پرجمعرات کو ہونیوالی سماعت میں درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی گئی۔یاد رہے کہ 28اپریل کو وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کو ملک کا نائب وزیرِاعظم مقرر کیا تھا۔