جنوبی پنجاب میں سرکاری سکول سٹوڈنٹس کونسلز انتخابات، 18312 طلباء و طالبات نمائندوں کو انتخاب کر لیا گیا

جمعرات 16 مئی 2024 17:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) جنوبی پنجاب کے 4578 گرلز و بوائز مڈل و ہائی سکولوں میں سٹوڈنٹس کونسلز کے انتخابات منعقد کئے گئے، 10 لاکھ سے زائد ووٹرز نے 18312 طلباء و طالبات نمائندوں کا انتخاب کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایات پر صوبہ بھر کی طرح جنوبی پنجاب کے سرکاری تعلیمی اداروں میں بھی طلباء و طالبات کو فیصلہ سازی، مشاورت، انتظامی معاملات پر دسترس، جمہوری اقدار سے متعارف کرانے اور ہم نصابی سرگرمیوں میں عملی شرکت یقینی بنانے کے لیے جمعرات کو سٹوڈنٹ کونسلوں کے انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔

جنوبی پنجاب کے 4578 گرلز و بوائز مڈل و ہائی سکولوں میں ہونے والے اس انتخابی عمل میں 10 لاکھ سے زائد طلباء و طالبات ووٹرز نے سٹوڈنٹ کونسلوں کے 18312 صدور، نائب صدور، جنرل سیکرٹریز اور فنانس سیکرٹریز کے عہدوں کے لیے امیدواروں کا انتخاب کیا۔

(جاری ہے)

سٹوڈنٹ کونسلوں کے انتخابات میں صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری، فنانس سیکرٹری اور کلاس نمائندگان منتخب کیے گئے۔

ایک سالہ مدت کے لیے ہونے والے ان انتخابات میں طلباء وطالبات کی کافی گہماگہمی اور جوش و خروش دیکھنے میں آیا،سٹوڈنٹ کونسلوں کے انتخابات میں پولنگ کا وقت صبح 8 بجے سے 11 بجے تک رکھا گیا اور اس دوران کافی گہما گہمی دیکھنے میں آئی۔ سکولوں میں الیکشن کمشنرز کی طرف سے انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد طلباء و طالبات گروپ کی صورت میں جیتنے والے امیدواروں کے حق میں جوش و خروش سے نعرے لگاتے رہے۔

اس موقع پر مختلف اضلاع میں محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹریز، ڈی پی آئی (سکینڈری)، ڈپٹی کمشنرز اور سی ای اوز ایجوکیشن سمیت دیگر تعلیمی و انتظامی افسران مختلف سکولوں کا دورہ کر کے سٹوڈنٹ کونسلوں کے انتخابی عمل کا جائزہ لیتے رہے۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے پرامن اور شفاف طریقے سے انتخابی عمل کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتخابات کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات کو سراہا۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا ہے کہ سکول کی سطح پر انتخابات کے عمل میں شریک ہونا بچوں کی تربیت کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے اس اقدام سے طلباء و طالبات آئندہ کی باشعور اور ذمہ دار نسل ثابت ہوں گے۔ واضح رہے کہ تعلیمی اداروں میں سٹوڈنٹ کونسلوں کی تشکیل کا منصوبہ سب سے پہلے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے وضع کیا جس کے تحت 2021ء میں پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کے سرکاری سکولوں میں سٹوڈنٹ کونسلیں تشکیل دی گئی تھیں۔ 2022ء میں دوسری اور 2023ء میں تیسری مدت کے انتخابات بھی جنوبی پنجاب کی سطح پر منعقد کیے گئے۔ رواں سال حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ کی سطح پر سٹوڈنٹ کونسلیں تشکیل دینے کے احکامات جاری کیے گئے۔