اداکارہ ماہرہ خان کی طرف شائقین کی جانب سے چیزیں پھینکنے کی ویڈیو وائرل

جمعرات 16 مئی 2024 18:05

اداکارہ ماہرہ خان کی طرف شائقین کی جانب سے چیزیں پھینکنے کی ویڈیو وائرل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2024ء) اداکارہ ماہرہ خان کی طرف شائقین کی جانب سے چیزیں پھینکنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو بلو کوئٹہ میں پاکستان لٹریچر فیسٹیول کی ہے۔وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں لوگوں کی جانب سے ماہرہ خان کی طرف اس وقت چیزیں پھینکی گئیں جب اداکارہ فلم ساز وجاہت رئوف کے ساتھ اسٹیج پر محو گفتگو تھیں۔

مختصر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکارہ بولتے بولتے اس وقت خاموش ہوکر چونک جاتی ہیں جب لوگوں کی جانب سے ان کی طرف کوئی چیز پھینکی جاتی ہے۔ماہرہ خان کی جانب سے پھینکی گئی چیز کے اسٹیج پر گرنے کی آواز بھی ویڈیو میں سنائی دیتی ہے۔اسٹیج پر لوگوں کی جانب سے پھینکی گئی چیز کے گرنے کے بعد اداکارہ نے حیرانی کا اظہار کیا اور بعد ازاں یہ شکوہ بھی کیا کہ ان کی طرف چیزیں پھینکی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے بعد اداکارہ نے تقریر روک دی اور لوگوں سے باتیں کرنے لگیں اور ان سے شکایت بھی کی کہ وہ ان کی طرف چیزیں پھینک رہے ہیں۔اداکارہ نے لوگوں کے اصرار پر انہیں اپنی کسی فلم کا ڈائیلاگ سنانے سے بھی انکار کیا لیکن بعد ازاں انہوں نے اختتام پر شائقین کے لیے اپنی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کا ڈائیلاگ وے مولیا بول کر مداحوں کے دل خوش کردیے۔