عسکری ٹاور حملہ وجلائو گھیرائو مقدمہ میں میاں محمود الرشید کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

جمعرات 16 مئی 2024 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے عسکری ٹاور حملہ اور جلائو گھیرائو مقدمے میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنما و سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کے جوڈیشل ریمانڈ میں30 مئی تک توسیع کر دی، میاں محمود الرشید کوعدالت میں پیش کیا گیا،پولیس نے ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی،عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزم کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی دو ہفتوں میں جیل سے باہر ہونگے ،ان کے باقی دو کیسوں میں بھی جلد ضمانت ہو جائے گی ،انہوں نے کہاکہ جب بانی پی ٹی آئی رہا ہونگے تو لاکھوں لوگ ان کے استقبال کیلئے سڑکوں پر ہونگے،جس دن اڈیالہ سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہو گی وہ تاریخی دن ہو گا ،کچھ بھی ہو جائے بانی پی ٹی آئی آئین کی بالا دستی کی تحریک چلائیں گے ، انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے دن اسلام آباد سے لاہور تک لوگ ہی لوگ ہونگے ،بانی پی ٹی آئی پہلے صوبوں میں اور پھر اضلاع کی سطح پر جلسے کریں گے۔