لاہور ہائی کورٹ کی پرنسپل سیٹ اور علاقائی بنچز پر کل 662 مقدمات کے فیصلے ہوئے،ترجمان ہائی کورٹ

جمعرات 16 مئی 2024 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) لاہور ہائی کورٹ کی پرنسپل سیٹ اور تمام علاقائی بنچز ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی سمیت ماتحت عدالتوں میں جمعرات کے روز عدالتی کارروائی معمول کے مطابق جاری رہی۔ لاہور ہائی کورٹ پرنسپل سیٹ اور علاقائی بنچز پر کسی بھی کیس کو وکلا کی ہڑتال کے باعث موخر نہیں کیا گیا، تقریبا تمام کیسز میں فریقین کے وکلا عدالتوں میں پیش ہوئے اور ضابطہ کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ کے ترجمان کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جمعرات کے روز لاہور پرنسپل سیٹ پر 362 مقدمات کے فیصلے ہوئے۔ جبکہ لاہور ہائی کورٹ کے علاقائی بنچز ملتان میں 187، بہاولپورمیں 94 اور راولپنڈی بنچ پر19 مقدمات کے فیصلے کئے گئے۔ اس طرح آج لاہور ہائی کورٹ کی پرنسپل سیٹ اور علاقائی بنچز پر کل 662 مقدمات کے فیصلے ہوئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح صوبہ پنجاب کی ماتحت عدلیہ میں 11 ہزار772 نئے مقدمات دائر ہوئے اور14 ہزار863 مقدمات کے فیصلے کئے گئے، جبکہ2 ہزار 349 متفرق درخواستیں نمٹائی گئیں، 4 ہزار932 مقدمات میں شہادتیں ریکارڈ کی گئیں اور3 ہزار502مقدمات میں دیگر ضابطہ جات کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

پریس ریلیز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ کی بار سمیت تمام علاقائی بارز کی جانب سے ہڑتال کی کال نہیں دی گئی۔