ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے وارم اپ میچز کے شیڈول جاری

وارم اپ میچز کا آغاز 27 مئی سے ہو گا، پاکستان کے وارم اپ میچز سے متعلق بھی اعلان کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 17 مئی 2024 00:49

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے وارم اپ میچز کے شیڈول جاری
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 مئی 2024ء ) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے وارم اپ میچز کے شیڈول جاری، وارم اپ میچز کا آغاز 27 مئی سے ہو گا، پاکستان کے وارم اپ میچز سے متعلق بھی اعلان کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ویسٹ انڈیز اور امریکا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے وارم اپ میچز کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ آئی سی سی اعلامیہ کے مطابق وارم اپ میچز کا آغاز 27 مئی سے ہو گا۔

آئی سی سی اعلامیہ کے مطابق پاکستان، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کوئی وارم اپ میچز نہیں کھیلیں گے۔ دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے پاکستان کے حتمی اسکواڈ کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پاکستان کی سلیکشن کمیٹی نے حال ہی میں ختم ہونے والی آئرلینڈ اور آئندہ انگلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

ایونٹ میں حصہ لینے والی 20 ٹیموں میں پاکستان واحد ٹیم ہے جو ابھی تک ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان نہیں کر سکا ہے۔

مذکورہ سیریز کے لیے اعلان کردہ 18 رکنی سکواڈ کو اگلے ماہ ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے 15 کھلاڑیوں تک کم کیا جائے گا جو 22 مئی کو لیڈز میں انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے بعد آئی سی سی کی 24 مئی کی ڈیڈ لائن کو پورا کرے گا۔ حارث رؤف، عثمان خان، عرفان خان نیازی، ابرار احمد اور سلمان علی آغا حال ہی میں ختم ہونے والی آئرلینڈ سیریز میں شامل نہیں ہوئے۔

حسن علی نے توقعات کے برعکس صرف ایک میچ میں حصہ لیا۔ فی الحال انجری سے صحت یاب ہونے والے حارث رؤف کو فائنل اسکواڈ میں اپنی جگہ کو محفوظ بنانے کے لیے ورلڈ کپ تک مکمل فٹنس کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ابرار احمد کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ ملنے کا امکان ہے جبکہ آغا سلمان اور حسن علی کو سفر کے لیے ریزرو کھلاڑیوں کے طور پر نامزد کیا جا رہا ہے۔ عرفان خان نیازی یا عثمان خان میں سے کوئی ایک سفری ریزرو کے طور پر حسن اور سلمان کے ساتھ ہوگا۔ پاکستان کو ورلڈ کپ کے لیے گروپ اے میں روایتی حریف بھارت، آئرلینڈ، کینیڈا اور امریکا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔