ایوان بالا صوبوں کو درپیش مسائل حل کرنے اور اپنے شہریوں کو ترقی و خوشحالی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے،سیدال ناصر، سرفراز بگٹی

جمعہ 17 مئی 2024 05:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2024ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے وزیراعلی بلوچستان سرفرازبگٹی نے ملاقات کی۔ملاقات میں صوبہ بلوچستان کی مجموعی سیاسی، معاشی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کے علاوہ صوبے کی ترقی اور اس کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہاربھی کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ ایوان بالا صوبوں کو درپیش مسائل حل کرنے اور اپنے شہریوں کو ترقی و خوشحالی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

صوبہ بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی حکومتی ترجیحات کا اہم جزو ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایوان بالا میں صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹرزکو بلوچستان کے عوام کی بھرپور انداز میں نمائندگی کا موقع دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

صوبہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی پورے ملک کے معاشی استحکام کو یقینی بنائے گی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سی پیک منصوبہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔

گوادر پورٹ صوبہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کا حب ہے۔ صوبہ بلوچستان میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل سے صوبے کی عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا مزید کہنا تھا کہ معاشی ترقی کا انحصارصنعتی ترقی پر ہے اس لئے انڈسٹریز کو مزید فروغ دینے کیلئے موثراقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان انتہائی اہم صوبہ ہے،حکومت اس کی ترقی اور صنعتی حلقوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عوامی نمائندے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔ وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل صوبے کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے ڈپٹی چیئر مین سینیٹ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔