اداکار نبیل کا ثانیہ مرزا کو دوسری شادی کا مشورہ

جب دوسرا شخص اپنی زندگی میں آگے بڑھ گیا تو آپکو بھی دوسری شادی کرلینی چاہئے، اکیلے رہنے سے زندگی نہیں گزرتی، اللہ نے بھی انسان کو اسی لئے بنایا ہے تاکہ وہ اکیلے رہنے کی بجائے خاندان کی صورت میں رہے : معروف ہدایتکار، پروڈیوسر، سکرین رائٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 17 مئی 2024 14:38

اداکار نبیل کا ثانیہ مرزا کو دوسری شادی کا مشورہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 مئی 2024ء ) معروف ہدایت کار، پروڈیوسر، سکرین رائٹر و اداکار نبیل ظفر نے بھارت کی سابق ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کو دوسری شادی کا مشورہ دیدیا۔ سوشل میڈیا پر اداکار کے انٹرویو کا ایک مختصر ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کرتے اور مختلف امور پر بات چیت کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، دوران پروگرام ایک سیگمنٹ میں اداکار سے ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی گزشتہ دنوں ’’میں اکیلی کافی ہوں‘‘ کے عنوان سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو کے حوالے سے سوال کیا گیا ، پروگرام کے میزبان نے سوال کیا کہ ’’ثانیہ مرزا کہتی ہیں کہ میں اکیلی کافی ہوں‘‘ کیا آپ اس بات سے اتفاق کرتے ہیں؟اس پرنبیل ظفر نے جواب دیا کہ زندگی ایک انسان پر ختم نہیں ہوتی ہے، یہ ہی ہمارا دین بھی کہتا ہے، انہیں دوسری شادی کر لینی چاہیے۔

(جاری ہے)

اداکار نبیل ظفر نے مزید کہا کہ جب وہ شخص اپنی زندگی میں آگے بڑھ گیا ہے تو آپ کو بھی آگے بڑھ کر دوسری شادی کرلینی چاہئے اکیلے رہنے سے زندگی نہیں گزرتی، اللہ تعالیٰ نے بھی انسان کو اسی لئے بنایا ہے تاکہ وہ اکیلے رہنے کی بجائے ایک خاندان کی صورت میں رہے بصورت دیگر ہر انسان اپنے لئے کافی ہے لیکن دنیاوی معاملات اس طرح نہیں چلتے‘۔

یہاں یہ واضح رہے کہ ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے مذکورہ ویڈیو اپنی قریبی دوست اور اداکارہ نشرت بھروچا کی فلم ’’اکیلی‘‘ کی پرموشن کیلئے شیئر کی تھی، اداکارہ نشرت بھروچا کی فلم’’اکیلی‘‘ ابتداً 2023ء میں ریلیز کی گئی تھی جسے حال ہی میں بھارتی آن لائن اسٹریمنگ سائٹ ’جیو سنیما‘ پر دوبارہ ریلیز کیا گیا ہے۔ فلم کی پرموشن کیلئے بنائی گئی فلم کی کہانی کے تناظر میں مذکورہ ویڈیو میں ثانیہ مرزا نہایت خوبصورتی سے اپنی جدو جہد کو پیش کرتی ہیں کہ انہوں نے کس طرح ایک دقیانوسی خیالات کے حامی معاشرے میں اپنی جگہ بنائی اور خود کو منوایا ہے۔

فلم اکیلی کی کہانی ایک عام بھارتی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو ایک جنگ زدہ علاقے میں پھنس جاتی ہے جہاں اس کے لیے زندہ رہنا اپنے آپ میں ایک ایک جنگ ہے۔

خیال رہے کہ ثانیہ کی شعیب ملک سے اپریل 2010ء میں شادی ہوئی تھی اور ان کا ایک بیٹا اذہان مرزا ہے جو اکتوبر 2018ء میں پیدا ہوا۔