ایف بی آر کی تاجردوست سکیم کے حوالہ سے ٹریڈ یونینز کے نمائندوں کو متفقہ تجاویز ایک ہفتہ کے اندر پیش کرنے کی ہدایت

جمعہ 17 مئی 2024 17:54

ایف بی آر کی تاجردوست سکیم کے حوالہ سے  ٹریڈ یونینز کے نمائندوں کو   ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے تاجر دوست سکیم کے حوالے سے تاجر برادری کے تحفظات اور سفارشات پر غور کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے ٹریڈ یونینز کے نمائندوں کو سکیم کے تحت تاجروں کی رجسٹریشن اور ٹیکسیشن کے حوالے سے اپنی متفقہ تجاویز ایک ہفتہ کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ایف بی آرکی جانب سے جمعہ کویہاں جاری بیان کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے تاجر دوست سکیم کے حوالے سے پاکستان کی مختلف ٹریڈ یونینز کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں منعقد کیا جس میں تاجر دوست سکیم کے چیف کوآرڈینیٹر نعیم میر اور دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

اس اجلاس کا مقصد تاجر دوست سکیم کے اطلاق کے حوالے سے کاروباری برادری کی طرف سے اٹھائے جانے والے خدشات کو دور کرنا اور اس کی کامیابی کے لئے باہمی شراکت داری کو فروغ دینا تھا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ٹریڈ یونینز کے نمائندوں نے تاجر دوست سکیم کے تحت نئے رجسٹرڈ ہونے والے تاجروں کے لئے ٹیکس کے حوالے سے واضح گائیڈ لائنز کی ضرورت پر زور دیا۔ان کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن میں پرچون فروشوں کی ہچکچاہٹ ٹیکس کے نظام میں ابہام کی وجہ سے پیدا ہو ئی ہے جو سکیم کے موثر ہونے میں ممکنہ طور پر رکاوٹ ہے۔

مزید برآں ان نمائندوں نے پرچون فروشوں کو تاجر دوست سکیم کے تحت رجسٹر ہونے کے لئے رضامند کرنے کی غرض سے رجسٹریشن میں آسانی، ٹیکس میں چھو ٹ یا رعایتوں کی عدم موجودگی کی نشاندہی کی۔ ایف بی آر حکام اور تاجر دوست سکیم کے چیف کوآرڈینیٹر نے تاجر برادری کے تحفظات اور سفارشات پر غور کرنے پر اتفاق کیا۔انہو ں نے ٹریڈ یونینز کے نمائندوں سے اس سکیم کے تحت تاجروں کی رجسٹریشن اور ٹیکسیشن کے حوالے سے اپنی متفقہ تجاویز ایک ہفتہ کے اندر پیش کرنے کو کہا۔

مزید برآں ایف بی آر نے ملک میں ٹیکس کمپلائنس بڑھانے کے لئے رجسٹریشن مہم میں شامل تمام سٹیک ہو لڈرز کے ساتھ تعاون کے عزم کاا عادہ کیا۔ ایف بی آر نے ٹریڈ یونینز پر بھی زور دیا کہ وہ تاجر دوست سکیم کے تحت تاجروں کی رجسٹریشن میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ یہ اجلاس پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لئے پورے ملک میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کے لئے ایف بی آر کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ایف بی آر ٹیکس کی پالیسیوں میں شفافیت اور انصاف کو یقینی بنانے،کاروبار اور تجارت کے لئے سازگار ماحول کے فروغ کے لئے پر عزم ہے۔