پنجاب میں شدید گرمی کے باعث یکم جون سے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان

اسکولوں کے اوقات کار بھی تبدیل کر دیئے گئے، سکولوں کی ٹائمنگ 7 بجے اور چھٹی ساڑھے 11 بجے ہوگی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 17 مئی 2024 18:31

پنجاب میں شدید گرمی کے باعث یکم جون سے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی2024ء) محکمہ اسکولز ایجوکیشن پنجاب نے شدید گرمی کے باعث یکم جون سے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان کردیا ہے۔ میڈیا کے مطابق وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندرحیات کی ہدایت پر اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا ہے، تعلیمی اداروں میں 7 جون کی بجائے یکم جون کو چھٹیاں کا کرنے کا فیصلہ شدید گرمی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

اسکولوں میں یکم جون سے 14 اگست تک چھٹیاں ہوں گی جبکہ 15 اگست سے اسکولوں میں دوبارہ تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔ محکمہ اسکولز ایجوکیشن نے موسم گرما کی چھٹیوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق تمام نجی و سرکاری اسکولوں پر ہوگا۔ اسی طرح وزیرتعلیم کی ہدایت پر اسکولوں کے اوقات کار بھی تبدیل کر دیئے گئے ہیں، اسکولوں کی ٹائمنگ 7 بجے سے چھٹی ساڑھے 11 بجے ہوگی۔

(جاری ہے)

جمعہ اسکولوں کی ٹائمنگ 7 بجے سے ساڑھے 10 بجے ہوگی۔ مزید برآں وفاقی نظامت تعلیمات (ایف ڈی ای) نے شدید گرمی کی صورتحال کے باعث سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کر دیئے ہیں۔ جمعہ کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ کے تعلیمی اداروں کے اوقات کار صبح ساڑھے 7 سے ایک بجے تک جبکہ جمعہ کو 12 بجے چھٹی ہو گی۔ ڈبل شفٹ کے تعلیمی اداروں میں پہلی شفٹ صبح ساڑھے 7 سے ساڑھے 12بجے تک اور جمعہ والے دن 12 بجے تک ہو گی جبکہ دوسری شفٹ دن ایک بجے سے شام 6 بجے تک جبکہ جمعہ والے دن دوسری شفٹ 2 بجے شروع ہو گی۔ مونٹسری کلاسز صبح ساڑھے 7 سے ساڑھے 11 بجے تک ہو ں گی۔ واضح رہے کہ پنجاب بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے اورمحکمہ موسمیات کی جانب سے گرمی کی شدت میں مزید اضافے کی پیشگوئی ہے۔